بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا، بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی: احسن اقبال

اسلام آباد، نارووال، شکر گڑھ (بیورو رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کرتار پور کے دورے میں ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی اور سکھ یاتریوں کو اپنی نگرانی میں ریسکیو کرایا، احسن اقبال نے کہا بھارت نے پانی کو ہتھیار بنایا ہے، بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا بھارت نے آبی جارحیت کی ، اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کے مطابق پاکستان کےساتھ ورکنگ انفارمیشن رکھتا تو کم نقصان ہوتا، لگتا ہے بھارت پانی جمع کر کے پاکستان کی طرف بھیج رہا ہے تاکہ پاکستان کا زیادہ سے زیادہ نقصان ہو، وزیراعظم شہباز شریف کا آج نارووال کا دورہ متوقع ہے،احسن اقبال نے کہا وزیراعظم شہباز شریف سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لیں گے، نارووال تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کر رہا ہے، پانی کا سکیل بہت زیادہ ہے، 6 سے 8 فٹ پانی باہر روڈ پر جمع ہو چکا ہے، ہزاروں ایکڑ فصل تباہ ہو چکی ہے، اربوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے، ہم سب کو مل کر سیاست سے بالا تر ہو کر کام کرنا ہوگا، یہ وہ آفت ہے جسے موسمیاتی تبدیلی کہتے ہیں، یہ وہ نئی آفت ہے جس کا مقابلہ کرنے کےلئے ہمیں صف بندی کرنی ہے،بھارت نے پاکستان کےساتھ بروقت معلومات شیئر نہیں کیں، بھارت کا بروقت معلومات شیئر نہ کرنا انتہائی افسوس ناک اور غیر انسانی طرز عمل ہے۔