عوامی سلامتی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات بروقت مکمل کئے جائیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے حالیہ سیلابی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے قطب شاہانہ پل، دریائے راوی اور دیگر مقامات کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے قطب شاہانہ پل کے قریب دریائے راوی کے کٹاو کی جگہ کا معائنہ کیا اور کٹاو سے بچاوکے اقدامات پر بریفنگ لی۔ کمشنر نے حکام کو ہدایت کی کہ عوامی سلامتی کے پیش نظر حفاظتی اقدامات بروقت مکمل کئے جائیں۔ دورے کے دوران کمشنر ساہیوال نے ایل بی ڈی سی نہر کنارے زیر تعمیر واکنگ ٹریک کا بھی معائنہ کیا، جہاں انہوں نے شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا۔ ان کا کہنا تھا کہ نہر کنارے سالڈ ویسٹ ڈمپنگ سائٹ کو خوبصورت پارک میں تبدیل کرنا شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کی جانب مثبت قدم ہے اور یہ منصوبہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ بعد ازاں، کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ساہیوال کی زیر تعمیر عمارت کا جائزہ لیا۔ کام کی سست رفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے لاہور بائی پاس پر جاری پل کی تعمیر کا بھی معائنہ کیا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ٹائم لائن کے مطابق کام مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔