سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان، وکالتی خدمات بلامعاوضہ حاضر رہیں گی:سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا،سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں سلمان اکرم راجہ نے کہا آج ایک ایسا واقعہ ہوا ہے جو اب مجھ سے دو ٹوک فیصلے کا تقاضا کرتا ہے، میری زندگی کھلی کتاب ہے، میرا کوئی عمل کسی اصول سے متصادم نہیں، فکری و معاشی دیانت پر سمجھوتہ مجھے قبول نہیں،گزشتہ منگل بانی کو علی بخاری کے ذریعے پیغام پہنچایا تھا، بانی نے میری بھیجی گزارش تسلیم نہ کی،سلمان اکرم راجہ نے کہا بانی سے ملاقات کے بعد عہدہ واپس لینے کی استدعا کروں گا، میری وکالتی خدمات بلامعاوضہ حاضر رہیں گی،سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے پیغام میں سلمان اکرم راجہ نے کہا چیئرمین کے اعتماد پر شکر گزار ہوں، زندگی بھر جمہوریت، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے جدوجہد کی، خواتین اور اقلیتوں پر جبر کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی، مزدوروں اور پنشنرز کے حقوق کی جنگ لڑی۔