بجلی چوری قومی جرم، خاتمے کیلئے موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ بجلی چوری ایک قومی جرم ہے جس کے خاتمے کیلئے موثر اور دوررس انتظامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میپکو اور لیسکو حکام بجلی چوری کی اطلاع فوری طور پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو دیں تاکہ ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ وہ اپنے دفتر میں بجلی چوری کی روک تھام سے متعلق ڈویژنل ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ایس ای میپکو ساہیوال ناصر محمود فانی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر نے ہدایت کی کہ بجلی چوری کی وجوہات کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا جائے اور درج مقدمات کی موثر پیروی کی جائے تاکہ قانون شکن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ اجلاس میں ایس ای میپکو ناصر محمود فانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ساہیوال اور پاکپتن میں 232 فیڈرز پر 9 لاکھ 38 ہزار کنکشن موجود ہیں جن میں 89.4 فیصد گھریلو صارفین ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع پاکپتن میں بجلی چوری کی شکایات نسبتاً زیادہ ہیں جن پر قابو پانے کیلئے گزشتہ دو سالوں کے دوران 8 ہزار مقدمات درج کیے گئے جبکہ 742 ملین چارجز میں سے 487 ملین وصول کئے گئے جو کہ 65.7 فیصد ہے۔ ایس ای لیسکو اوکاڑہ نے بتایا کہ راجووال فیڈر واحد فیڈر ہے جہاں بجلی چوری کی سب سے زیادہ شکایات ہیں جنہیں روکنے کیلئے تمام انتظامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ راجووال فیڈر پر بجلی چوری کی شرح میں نمایاں کمی لائی گئی ہے جو پہلے 37 فیصد تھی اور اب کم ہو کر 20 فیصد رہ گئی ہے جسے مزید کم کیا جائیگا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف مشترکہ کوششوں سے ہی اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے اور عوامی تعاون کے بغیر اس قومی جرم کا خاتمہ ممکن نہیں۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کا قطب شاہانہ پل پر سیلابی صورتحال کا جائزہ۔ دریائے راوی کے کٹا¶ کی جگہ کا بھی معائنہ کیا اور سیلابی پانی سے قطب شہانہ پل کے قریب کٹا¶ روکنے بارے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شاہد محمود سمیت متعلقہ محکموں کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے نہر ایل بی ڈی سی کنارے زیر تعمیر واکنگ ٹریک کا بھی دورہ کیا اور اس موقع پر شجرکاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے گئے۔کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ نہر کنارے سالڈ ویسٹ ڈمپنگ سائٹ کی پارک میں تبدیلی سے شہریوں کوتفریحی مواقع میسر آئیں گے۔ یہ منصوبہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال بورڈ کی زیر تعمیر بلڈنگ کے کام کا بھی جائزہ لیا کام کی سست رفتاری پر ناراضگی کا اظہار کیا اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے لاہور بائی پاس پر زیر تعمیر برج کا دورہ کیااور این ایچ اے کو ٹائم لائن کے مطابق تکمیل کی ہدایت دی۔