لاہور (میاں ساجد) پنجاب اسمبلی سے بلدیاتی انتخابات کا بل پاس حتمی تاریخ کا اعلان جلد ہوگا۔ بلدیاتی الیکشن نئی ترامیم کے ساتھ منعقد ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین قائمہ کمیٹی پنجاب اسمبلی و رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول نے روزنامہ ”مشرق“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا ایجنڈا فائنل ہوگیا ہے جس میں اس سے قبل وارڈوں میں کونسلر کو وارڈ الاٹ کئے جاتے تھے، انکو ختم کرکے ان میں ترامیم کی گئی ہیں۔ اب کونسلر کیلئے ایک نامزد یونین کونسل میں ایک ہی وارڈ کا انتخاب کیا گیا ہے اسی میں سے کونسلر منتخب ہو گا جس میں کونسلر کی تعداد 9 ہوگی اور 4سیٹوں کو سپیشیل سیٹوں پر 4 کونسلر کو منتخب کیا جائیگا۔ نمبر 1اقلیتی کونسلر، 2 خاتون کونسلر، 3 یوتھ کونسلر اور 4 کسان کونسلر کا انتخاب ہوگا۔ 9 کونسلر کے بعد 4 کونسلر پھر چیئرمین اور وائس چیئرمین کو منتخب کر یں گے۔ کونسلر کے الیکشن کیلئے عمر 25 سال اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کیلئے 32 سال کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ چیئرمین کیلئے تعلیمی اہلیت بیچلر ڈگری اور کونسلر کیلئے تعلیم کی حد کو میٹرک تک رکھا گیا ہے۔ یونین کونسل کے انتخابات کے بعد ضلعی سطح پر 10 ٹاو¿ن پر میئر کے الیکشن کا انعقاد ہوگا جس کو منتخب وائس چیئرمین اور چیئرمین اور یونین کونسل کے ممبران منتخب کریں گے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول نے ایک سوال جواب میں بتاتے ہوئے کہا کہ اب یونین کونسل کے انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں کو بھی بروئے کار لایا جائیگا جس میں آبادی کے تناسب کے حساب سے یونین کونسلوں کو میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کا تعین کیا جائیگا جبکہ ڈپٹی کمشنر بطور ممبر کے اپنے عہدہ پر اپنے فرائض سر انجام دیں گے اور منتخب چیئرمین شپ کا دورانیہ 140 دن کیلئے رکھا گیا ہے۔ میڈیا پر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حقائق کے برعکس بات چیت ہونا افسوسناک حقیقت پسندی سے عوام تک بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو اجاگر کرے، اپنی طرف سے مرچ مصالحے ڈال کر پیش کرنا درست نہیں۔
بلدیاتی انتخابات کا بل پاس، حتمی تاریخ کا اعلان جلد ہوگا: پیر اشرف رسول



















