ایران،کویت کاپاکستان سے اظہار یکجہتی،ہر ممکن تعاون کی پیشکش کردی
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سیلاب سے تباہی،ایران،کویت کاپاکستان سے اظہار یکجہتی،ہر ممکن تعاون کی پیشکش کردی۔
ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے سیلاب سے ہونیوالی تباہ کاریوں پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہامشکل گھڑی میں پاکستان کو ہر طرح کا تعاون، امداد اور ریلیف فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔
دریں اثنانائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو کویت کے وزیر خارجہ عبداللہ الیاحیٰ نے فون کیااورحالیہ سیلاب سے ہونےوالے نقصان پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کردی،ترجمان دفترخارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ نے ولی عہد صباح الخالد الصباح کی طرف سے شمالی پاکستان میں حالیہ سیلابوں کے باعث جانی و مالی نقصان پر گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکویت کی حکومت ،بھائی چارے کے جذبے سے سرشار عوام مشکل وقت میں ہر ممکن تعاون کےلئے تیار ہیں،نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کویت کی یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔
ادھر پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان و دیگر علاقوں میں اچانک سیلاب نے تباہی مچائی ،مشکل وقت میں آسٹریلیا پاکستانی دوستوں کےساتھ کھڑا ہے،دعائیں ،ہمدردیاں تمام متاثرین کےساتھ ہیں۔

















