صوبے میں پائیدار امن کیلئے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہے،کے پی حکومت
پشاور: (بیورورپورٹ) مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا ہے صوبے میں پائیدار امن کیلئے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہے۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف نے کہامقامی جرگوں کی سفارشات بھی امن کیلئے افغانستان سے مذاکرات کی حمایت کرتی ہیں، افغانستان سے مذاکرات کیلئے صوبائی، وفاقی و قبائلی عمائدین پر مشتمل مشترکہ جرگے کی تشکیل ضروری ہے،افغانستان اہم سٹیک ہولڈر ہے ، اعتماد میں لئے بغیر ضم شدہ اضلاع سمیت پورے صوبے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
مشیر اطلاعات کے پی نے کہاضم اضلاع کا افغانستان کےساتھ 2200 کلومیٹر سے زائد طویل سرحدی رابطہ ہے،وزیراعلیٰ کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت امن کے قیام کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،مقامی جرگوں کا سلسلہ اگلے ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گاپھرگرینڈ جرگہ بلائیں گے۔



















