غزہ،مزید بیسیوں فلسطینی شہید،اسرائیل کاچرچ پر بھی حملہ، 2افراد ہلاک


مقبوضہ بیت المقدس،غزہ،نیویارک:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)غزہ میں مزید بیسیوں فلسطینی شہید،اسرائیل کاکیتھولک چرچ پر بھی حملہ، 2افراد ہلاک،پادری فادر گیبریل رومانیلی سمیت متعدد افرادزخمی ہوگئے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں لاطینی آرکیٹ کی جانب سے بیان میں کہا گیا اسرائیلی فوج نے ہولی فیملی چرچ کے کمپاونڈ کو نشانہ بنایا ،ال اہلی عرب ہسپتال کے قائم مقام ڈائریکٹر کے مطابق زخمیوں میں معذور بچہ، 2 خواتین ، بزرگ بھی شامل ہیں ،2 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

عینی شاہد نے کہاچرچ میں اسرائیلی نسل کشی کے خاتمے ، خطے میں امن کےلئے دعا مانگی جارہی تھی،اسرائیلی فوجی ٹینکوں نے شدید شیلنگ کردی،کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہافوری جنگ بندی کی جائے،امید ہے خطے میں امن کےلئے فریقین کے درمیان جلد بات چیت کا آغاز ہوجائےگا۔

ادھر اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی نے واقعہ پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسرائیلی بمباری کے دوران ہولی فیملی چرچ کو نشانہ بنایا گیا ،مہینوں سے جاری اسرائیلی حملے ناقابل قبول ہیں،کوئی بھی فوجی کارروائی ایسے اقدامات کا جواز نہیں بن سکتی۔

دریں اثنااسرائیل کی غزہ میں بمباری سے مزید بیسیوں فلسطینی شہید ہوگئے،امداد کے منتظر افراد کو بھی گولیوں سے بھون دیا گیا،دریں اثنا اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ فرانچسکا البانیز نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا غزہ میں نسل کشی کےخلاف اسرائیل سے تمام تعلقات ختم کر دے، فلسطین کے معاملے میں کسی کے ہاتھ صاف نہیں۔

دوسری جانب سلامتی کونسل کے اجلاس میں بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا غزہ میں انسانی المیے کی انتہا ،امداد کو ہتھیار بنایا جا رہا ہے،صورتحال بیان کرنے کےلئے الفاظ ناکافی ہیں ،منظر ناقابل یقین ہے،غزہ میں فوری جنگ بندی ،ضروری اشیا کی بلارکاوٹ ترسیل کو ممکن بنایا جائے،تاریخ ہر صورت پرکھے گی، آئیں اپنے عمل سے ثابت کریں خاموش تماشائی نہیں بلکہ انسانیت ،بین الاقوامی قانون کےساتھ کھڑے ہیں۔