صاف و سرسبز پنجاب کے خواب کو حقیقت بنائیں گے،مریم اورنگزیب

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے وزیراعلیٰ مریم نواز کے صاف و شفاف ماحولیاتی نظام کے قیام کےلئے عملی اقدامات جاری ہیں، ای پی اے پنجاب نے سموگ و فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے 7 تا 11 جولائی کے دوران سخت کارروائیاں کیں،20 غیر زگ زیگ اینٹوں کے بھٹے مسمار ،36 سیل ، 40 مقدمات درج،بھٹہ مالکان پر 15 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے،صنعتی آلودگی کےخلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں،787 صنعتی یونٹس کا معائنہ ،28 سیل ،4 کےخلاف مقدمات درج کیے گئے۔

مریم اورنگزیب نے کہاممنوعہ پلاسٹک بیگز کے استعمال کےخلاف مہم بھی جاری ہے ،11 جولائی تک 3055 شہریوں نے ماحول دوست طرز زندگی اپنانے کا عہد کیا،ای پی اے پنجاب نے 7 تا 11 جولائی کے دوران 52 ویسٹ واٹر سیمپلز ، 5 سر فیس واٹر سیمپلز اکٹھے کیے ،17 سٹیک ایمیشنز کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی تاکہ فضائی و آبی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہاگاڑیوں کے ایگزاسٹ دھوئیں کی جانچ کا عمل تیز کرکے5124 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا، قانون شکن گاڑیوں کےخلاف کارروائیاں جاری ہیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے،شفاف فیول سپلائی کو یقینی بنانے کےلئے 24پٹرول پمپس کا معائنہ کیا گیا ،45 فیول سیمپلز میں سے 39 کو معیاری ،6 سیمپلز کو غیر معیاری قرار دے کر رپورٹ مرتب کی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہاماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کےلئے غیر قانونی بھٹوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، وزیراعلیٰ صوبے کو گرین اکانومی کی طرف لےجا رہی ہیں ،صنعتی آلودگی کےخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی،صاف و سرسبز پنجاب کے خواب کو عوامی شمولیت سے حقیقت بنایا جائے گا، عوام ہر صورت آلودگی کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ مشترکہ کاوشیں ہی منفی اثرات سے بچا سکتی ہیں۔