وزیراعظم سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات ،تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں دانش سکولز اور اسلام آباد میں دانش سکولز یونیورسٹی کی تعمیر کیلئے پیش رفت پر جائزہ اجلاس ہوا،شہبازشریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دانش سکولز کی تعمیر پر کام کو تیز کیا جائے،دانش سکولز یونیورسٹی میں عالمی معیار کے جدید علوم کی تعلیم پر توجہ مرکوز کی جائے، دانش سکولز اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں ڈیجیٹل اور جدید کلاس رومز پر زیادہ سرمایہ کاری کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا بطور خادم پاکستان قوم کے بچوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت اولین ذمہ داری سمجھتا ہوں،دانش سکولز میں اساتذہ کو بہترین پیکیج فراہم کیا جائے،اساتذہ ،سٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کو مرکزی اہمیت دی جائے، پنجاب میں دانش سکولز کی صورت جو پودا لگایا تھا وہ تناور درخت بن چکا۔

شہبازشریف نے کہا غریب و متوسط طبقے کے سینکڑوں طلباءدانش سکولز سے فارغ التحصیل ہوکر دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوا رہے ہیں،دانش سکولز سے معاشی طور پر کمزور طبقے کے بچوں کی خدمت کا جو خواب دیکھاوہ شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے، پورے ملک میں دانش سکولز کے قیام سے ہزاروں بچے مستفید ہو ں گے، ہر طبقے کو اعلیٰ تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع کی فراہمی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہوں گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سمسودین نے ملاقات کی، وزیراعظم نے انڈونیشیا کےساتھ اقتصادی و تزویراتی تعلقات اور تجارت، دفاع ودفاعی پیداوار سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین مشترکہ ثقافت، مذہب اور تاریخی رشتوں کی بنیاد پر دیرینہ دوستانہ تعلقات استوار ہیں اور دونوں ممالک بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے پاکستان اور انڈونیشیا کے مابین دفاعی تعاون کے معاہدے کے تحت جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا، دونوں رہنماوں نے معاہدے کے نفاذ کو تیز کرنے پر اتفاق کیا،لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سمسودین نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانٹو کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان کے عوام کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، سیافری سمسودین نے انڈونیشیا کی پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں خصوصاً دفاعی پیداوار میں تعاون کے مزید مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔