ساہیوال (چوہدری اشرف سے) ساہیوال میں مون سون کی غیر معمولی بارشیں، شہر میں دو روز میں 140 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کے پانی کی فوری نکاسی کیلئے موجودہ سیوریج سسٹم دبا¶ کا شکار، کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کے تمام افسران فیلڈ میں موجود۔ اس سلسلہ میں کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) اسامہ مجید،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رانا اورنگزیب، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ شہر کے تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو فل کپیسٹی پر چلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سیوریج سسٹم پر دبا¶ کے باعث شہریوں کو وقتی طور پر پریشانی کا سامنا رہیگا۔ اجلاس کے دوران شہر کے سیوریج مسائل اور بارش کے پانی کی ڈسپوزل میں درپیش شکایات پر تفصیلی غور کیا گیا اور مسائل کے فوری حل کیلئے افسران کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود شہر کے شمالی حصے میں پسپ پروگرام کے تمام کاموں کی نگرانی کریں گے جبکہ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر شہر کے جنوبی حصے کے نگران ہونگے۔ انتظامی افسران شہر کے مسائل بارے مکمل آگاہی حاصل کریں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کارپوریشن کو مزید وسائل بھی فراہم کئے جائیں گے۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ شہر کے مرکزی علاقوں سے سیوریج کی نکاسی کیلئے نئی لائن بچھائی جائے گی۔انہو ں نے بتایا کہ شہر میں 14 پوائنٹس پر بارش کا پانی کھڑا ہوتا ہے۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ پسپ پروگرام کے تحت بچھائی گئی سیوریج لائنوں کو سسٹم سے جوڑنے کا عمل بھی شروع کیا جائے اور مسنگ لنکس جوڑنے کی نگرانی ڈپٹی کمشنر ساہیوال خود کریں۔انہوں نے کہا کہ ستمبر تک نئی سیوریج لائنز فنکشنل ہونے سے سیوریج مسائل حل ہوں گے۔
ڈسپوزل سٹیشنز کو فل کیپسٹی سے چلایا جائے: کمشنر ساہیوال



















