عوام کو صحتمند ماحول کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے: کمشنر ساہیوال ،مختلف علاقوں کا دورہ، نکاسی آب کا جائزہ

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کا اہم اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں صفائی کی موجودہ صورتحال اور کمپنی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ اور سی ای او کمپنی افتخار علی، کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر جاوید اقبال، جنرل منیجر مانیٹرنگ محمد آفتاب اور سینئر منیجر مانیٹرنگ رضوان احمد مارتھ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ عوام کو صاف اور صحتمند ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمپنی صفائی کے نظام میں بہتری کیلئے ٹھیکیداروں کی کارکردگی کی روزانہ بنیادوں پر مانیٹرنگ کرے اور سینٹری ورکرز کی باقاعدہ حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ سی ای او افتخار علی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہر دیہات میں ہفتے میں ایک دن مکمل صفائی کیلئے باقاعدہ شیڈول تیار کر لیا گیا ہے جبکہ واسا ساہیوال کے قیام کے بعد کمپنی صرف سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ذمہ داری نبھائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر کی ساتوں تحصیلوں میں اس وقت 6964 صفائی ورکرز خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ 30 میں سے 20 عارضی کلیکشن پوائنٹس بھی مکمل کئے جا چکے ہیں۔ سی ای او افتخار علی نے بتایا کہ اپریل سے اب تک 163641 ٹن کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگایا جا چکا ہے اور موصول ہونے والی 7677 شکایات میں سے 7389 شکایات حل کر دی گئی ہیں۔ کمشنر ساہیوال نے عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ عوام کو ایک صاف، صحتمند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے علی الصبح بارش کے فوری بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے پانی کی نکاسی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہائی سٹریٹ، جوگی چوک، دیپالپور بازار، سٹی صدر روڈ،تحصیل روڈ اور گلستان روڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی مکمل نکاسی تک عملہ فیلڈ میں موجود رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے افسران کو بارش کے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ بارش کے دوران الرٹ ہے اور نکاسی کے اقدامات جاری ہیں۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ڈسپوزل سٹیشنز پر پمپ بلا تعطل فنگشنل رکھے جائیں۔ اس موقع پر میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر اشفاق احمد اور حکام بھی ہمراہ تھے۔