فارم 47 کے وزیراعلیٰ گنڈاپور خود چند ماہ کے مہمان ہیں،جے یوآئی
پشاور: (بیورورپورٹ)ترجمان جے یوآئی نے کہاہے چند ماہ کے مہمان گنڈاپور خود فارم 47 کے وزیراعلیٰ ، باجوڑ جانے کی بجائے لاہور میں سیر سپاٹا کرنا انتہائی شرمناک ہے، وزیر اعلیٰ اپنے سابق وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کے اعتراف کے مطابق جعلی مینڈیٹ پر براجمان ہیں۔
جے یوآئی ترجمان نے کہاصوبائی حکومت سر تا پاوں کرپشن میں ڈوبی ہے، صوبائی خزانے سے لاہور کا ٹور کرنے والوں سے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا،فضل الرحمن کے حقیقت پر مبنی بیان نے وزیر اعلیٰ کی ڈرامہ بازی پر پانی پھیر دیا۔
ادھر رہنما جے یوآئی حافظ حمد نے کہا فضل الرحمن کو فارم 47 کا بینفشری کہنے والا گنڈاپور بتائے تم کس کے این او سی پر خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ بنیں؟ تم تین میں ہوں نہ تیرہ میں بلکہ تین سو تیرہ میں ہو یہ ہے آپ کی حیثیت،پورا صوبہ جل رہا ،عوام امن کےلئے ترس رہے ہیں، تم لاو لشکر سمیت پنجاب فتح کرنے نکلے مگر لاہور میں بھڑکے مارتے رہے۔
حافظ حمد نے کہا آپ کی حکومت دولت و طاقت کے بل پر کھڑی ہے،اپنی پارٹی میں آپ کی حکومت کےخلاف آوازیں اٹھ رہی ہے، آئے روز خیبرپختونخوا کے عوام اپنے پیاروں کی نعشیں اٹھا رہے ہیں اور تم کو 11کروڑ کے بسکٹ کھانے سے فرصت نہیں ،8 فروری کے انتخابات میں تمہیں ووٹ نہیں ،نوٹ سے جتوایا گیا۔


















