تحریک کا آغاز، 90 روز میں آر یا پار، بات فیصلہ سازوں سے ہوگی،علی امین گنڈاپور
لاہور:( خبر نگار) وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے تحریک شروع،90 روز میں عروج پر لےجا کر آر یا پار کریں گے اب بات فیصلہ سازوں سے ہوگی، عمران خان نے بڑا واضح کہا پاکستان کی خاطر مذاکرات کےلئے تیار ہیں،آئیں ملکر بیٹھیں اپنی غلطی کو مانیں اورآگے بڑھیں،تحریک ملک کے ہر کونے شہر ، کوچے ،قصبے ،ضلع میں پہنچے گی پھر حتمی پلان دیں گے،فضل الرحمن منافق آدمی ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ، پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر لطیف کھوسہ ،پنجاب ،خیبر پختونخوا کے اراکین اسمبلی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا بانی تبدیلی کےلئے ہمیشہ 90 دن کا کہا کرتے تھے اب آر یا پار ہوگا،حکومت میں رہیں یا نہ رہیں فرق نہیں پڑتا ،ملک کے کونے کونے میں جائیں گے اور عوام کو متحرک کیاجائےگا،بانی پی ٹی آئی کےخلاف کیسز میں جان نہیں، عمران خان کے ووٹرز، سپورٹرز اور کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں کیونکہ دنیا کی تاریخ میں کسی سیاسی جماعت پر اتنا ظلم نہیں ہوا جتنا تحریک انصاف پر ہوا مگر لوگ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہاریاستی ادارے اپنے آئینی کام کو چھوڑ کر ایک اور کام پر لگ گئے،خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے حالات کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جن کا کام سرحدوں کو کلیئر کرنا ہے مگر وہ سرحدیں چھوڑ کرپی ٹی آئی کے پیچھے لگے ہیں، گزارش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، آپ ملک کو کہاں لےجانا چاہتے ہیں،بار بار مارشل لاوں سے پاکستان کی جمہوریت کو عالمی سطح پربے پناہ نقصان پہنچا،ملک میں مافیا کا سٹرکچر بن چکا ،ریاستی ادارے حکومتیں بنانے، چلانے اور گرانے میں اپنا سارا کردار ادا کررہے ہیں اور پھر جب پوچھا جائے تو بڑے مزے سے جواب دیتے ہیں ہم تو غیر سیاسی ہیں،سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہاخدا کی قسم ملک میں سب سے زیادہ سیاست ادارے کررہے ہیں،اپنے ادارے خود ٹھیک کرنے ہیں، آئیں ملکر بیٹھیں اپنی غلطی کو مانیں اور آگے بڑھیں، عمران خان نے بڑا واضح کہا وہ اپنے ،اہلیہ پر ہونے والے ظلم کے باوجود پاکستان کی خاطر مذاکرات کےلئے تیار ہیں،ملک کس طرف جارہا ہے، فیصلے کون کرے گا؟ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،تمام سیاسی جماعتوں سے کہہ رہا ہوں آپ کندھوں پر سوار ہوکر آئے ہیں، عوام میں جاکر دیکھیں عوام آپ کو مسترد کرچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا قانون سب کےلئے برابر ہونا چاہئے، آئین کی پاسداری سب پر فرض ہے، ہم نے تو برداشت کرلیا اور کر بھی رہے ہیں لیکن شاید آپ نہ کرسکیں،آپ کو جواب دہ ہونا پڑے گا،ملک کی ڈوبتی معیشت ،دہشتگردی کے حالات کا سارے کا سارا بوجھ آپ کو اٹھانا پڑے گا، عمران خان کے دور میں دہشتگردی کیوں نہیں تھی؟ ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں، کتنے دھماکے ،کتنے لوگ شہید اورکتنے ڈرون حملے ہوئے؟،پی ڈی ایم 2 حکومت میںحالات بدتر ہورہے ہیں، آئیں بیٹھیں دلائل سے ثابت کردیں میں نے ملک کےخلاف سازش کی ہے تو چوک پر لٹکادیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہابغیر دلائل، ثبوت اور وجہ آپ نے 26 ویں ترمیم لاکر عدلیہ کو بھی محکوم کردیا ،ہتھکڑیاں لگا دیں، قوم کہاں جائے؟ کون سا راستہ چھوڑا ہے، اپنی ذات ،انا سے نکلیں ،ایک قوم بن کر سوچیں،قوم سے کہتا ہوںآپ کے پاس 2ہی راستے ہیں غلام بننا ہے تو نظام چلنے دو اگر آزاد ہونا،بچوں کو آزادی و خودمختاری دینی ہے تو حقیقی جمہوریت ،آزادی کےلئے ساتھ دو،بات فیصلہ سازوں کےساتھ ہوگی، فیصلہ ساز اپنے ساتھ کسی کو بٹھالے، کوئی اعتراض نہیں ،5اگست کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان ہوگا، قوم میں شعور آگیا۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا اللہ نہ کرے میں آصف زرداری جیسا بنوں، میرے اوپر غداری سمیت 56 ایف آئی آر درج ہیں،مانتا ہوں پارٹی میں اختلافات ہیں لیکن جب جماعت بڑی ہوتی ہے تو اختلاف ہوتے ہیں،آپس کے اختلافات بھلا کر ایک نظرئیے کےلئے آگے بڑھنا ہے،فضل الرحمن منافق آدمی ،ابھی بھی اندر سے اسٹیبلشمنٹ کےساتھ ملا ہوا ہے،امیر جے یوآئی کو چیلنج ہے میرے بھائی کےخلاف الیکشن جیت کردکھا دیں،سیاست چھو ڑ دونگا،بانی تحریک انصاف کے بیٹے پاکستان آسکتے ہیں ،ویلکم کریں گے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا پی ٹی آئی میں اختلافات کا بیانیہ فیصلہ سازوں کی سازش ہے ،تمام پارٹی کا اکٹھے ہوکر لاہور آنا ثبوت بانی کی رہائی کیلئے متحد ہیں،عمران خان کی سربراہی میں تاریخ کو بدلیں گے، 8 فروری کسی کو بھولنے نہیں دیں گے،بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے پوری قوم، پارٹی متحد ہے،تحریک ہر گھر سے نکلیں گی، قوم سے وعدہ ہے اب پیچھے نہیں ہٹنا۔



















