بھارتی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے سب کو متحد ہونا ہوگا: عبدالعلیم خان
خانیوال (مشرق نیوز) صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے گزشتہ روز خانیوال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے غلام سعید کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد اور جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی بھی انکے ہمراہ تھے۔عبدالعلیم خان نے شہید غلام سعید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ شہید کے چھ بچے ہیں اور ان کے والد بھی بیٹے کی شہادت کے صدمے سے وفات پا چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید غلام سعید نے بلوچستان میں دہشت گردی کا خمیازہ بھگتا اور ان کے پاس وہاں کوئی جائیداد نہیں تھی۔ عبدالعلیم خان نے بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، جس کا مقصد نفرت پھیلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نہ صرف پنجاب بلکہ پورا پاکستان متاثر ہے۔انکا کہنا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کی طرح پنجاب میں بھی غریب لوگ رہتے ہیں اور لاہور کے کئی علاقوں میں دوسرے صوبوں کے لوگ زیادہ ہیں۔ وفاقی وزیر نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کے ساتھ ہیں اور تمام شہدا کیلئے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ہاتھ مضبوط کریں گے اور سپہ سالار کے ساتھ ملکر دہشت گردی کا ناسور ختم کیا جائیگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ جس طرح بھارت کو جنگ میں شکست دی اسی طرح دہشت گردی کے خلاف بھی اسے شکست دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے سب کو متحد ہونا ہوگا۔

















