پی ٹی آئی میں اختلافات، سینٹ ٹکٹ پر خیبرپختونخوا حکومت،پارٹی قیادت آمنے سامنے
لاہور (شوکت مروت) پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات ایک بار پھر منظرعام پر آ گئے ہیں، جب سینٹ ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے درمیان سنگین نوعیت کی رسہ کشی سامنے آئی ہے۔ پی ٹی آئی کے ایک رکن صوبائی اسمبلی طارق محمود آریانی کی ایک ویڈیو بیان نے ان اختلافات کی پردہ کشائی کر دی ہے۔ ویڈیو میں موصوف دعویٰ کرتے ہیں کہ بیرسٹر گوہر نے بذات خود انہیں فون کر کے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں واضح ہدایت دی ہے کہ مشعال یوسف زئی کو خیبرپختونخواہ سے سینٹ کی نشست پر ٹکٹ دیا جائے تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس حکم کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ کسی کا حکم نہیں مانتے۔ آریانی کے مطابق جب علی امین گنڈاپور نے انکار کیا تو بیرسٹر گوہر نے مداخلت کرتے ہوئے خود طارق آریانی سے رابطہ کیا اور کہا کہ چونکہ گنڈاپور تعاون نہیں کر رہا، اس لئے وہ دو ایم پی ایز کا بندوبست کریں جو مشعال یوسف زئی کیلئے بطور پروپوزر اور سیکنڈر کام کریں تاکہ انہیں سینٹ کا امیدوار نامزد کیا جا سکے۔ ویڈیو بیان میں طارق آریانی نے نہ صرف گنڈاپور کے رویے پر تنقید کی بلکہ ان پر سنگین الزامات بھی عائد کئے۔ ان کا کہنا تھا کہ گنڈاپور درحقیقت نہیں چاہتے کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں اور وہ پارٹی کے بجائے اپنی من مانی پالیسیوں پر گامزن ہیں۔ آریانی نے یہاں تک کہا کہ ”ہماری موجودہ خیبرپختونخوا حکومت ماضی کی اے این پی حکومت سے بھی زیادہ کرپٹ ہے۔یہ صورتحال نہ صرف پارٹی کے اندر گہرے اختلافات کی نشاندہی کرتی ہے بلکہ عمران خان کی ہدایت کے باوجود پارٹی کے اہم فیصلوں میں مرکز اور صوبے کے درمیان واضح دراڑ کو بھی ظاہر کرتی ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ اختلافات اسی شدت سے جاری رہے تو پارٹی کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشعال یوسف زئی کا نام پارٹی چیئرمین عمران خان کی جانب سے خود تجویز کیا گیا تھا، جو اس وقت جیل میں ہیں اور تمام اہم پارٹی فیصلے جیل سے ہی دے رہے ہیں مگر خیبرپختونخواہمیں ان فیصلوں پر عملدرآمد میں مزاحمت سے یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ صوبائی حکومت خودمختارانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق، قیادت اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور ممکنہ طور پر آئندہ دنوں میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اس حوالے سے نہ تو بیرسٹر گوہر اور نہ ہی علی امین گنڈاپور کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے آیا ہے، تاہم پارٹی کے اندرونی ذرائع اس تنازعے کو سنگین قرار دے رہے ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر پارٹی قیادت اس اختلاف کو فوری طور پر حل نہ کر سکی تو نہ صرف سینٹ الیکشن متاثر ہو سکتے ہیں بلکہ عوامی سطح پر پارٹی کی ساکھ کو بھی شدید دھچکا لگ سکتا ہے۔


















