یومِ شہدا کشمیر اقوام متحدہ ،امت مسلمہ کے ضمیر کو جگانے کی صدا ہے،مریم نواز
لاہور:(اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یوم شہدا کشمیر پراپنے پیغام میں کہا13 جولائی 1931 کے 22 شہدا سمیت ہر کشمیری شہید کو سلام پیش کرتے ہیں جو ظلم کےخلاف حق کی صدا بنے ، کشمیر کے شہدا نے 1931 میں ڈوگرہ راج کو للکارا ،بھارتی قابض فوج مظالم کی داستان دہرا رہی ہے ، ڈوگرہ راج ہو یا ظالم بھارتی فوج کشمیریوں کے حوصلے کو کبھی شکست نہیں دے سکے ،کشمیر کے شہدا کی قربانیاں بتاتی ہیں زنجیریں کبھی حوصلے کو قید نہیں کر سکتیں، کشمیر کی مٹی میں حریت،وفا اور قربانی کی خوشبو رچی بسی ہے۔
مریم نواز نے کہا یومِ شہدا کشمیر صرف محض دن نہیں ،اقوام متحدہ اور پوری امت مسلمہ کے ضمیر کو جگانے کی صدا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مسئلہ کشمیر کے حل پر حالیہ بیان حوصلہ افزا ہے،پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکشمیری شہدا کی قربانیوں نے دنیا کو بتا دیاکوئی جبر، طاقت غلام نہیں رکھ سکتی،پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتے ہیں،بچہ بچہ کشمیر کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ساتھ کھڑا ہے۔



















