اسلام آباد: (بیورورپورٹ)قتل کے ملزم سیتا رام کی بریت اپیل منظور ،سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہاپولیس مقدمے کے اندراج سے انکار یا تاخیر نہیں کر سکتی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے 30 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کرتے ہوئے لکھاپراسیکیوشن ملزم کےخلاف شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی،مدعی کے بروقت اطلاع کے باوجود مقدمہ 2 دن کی تاخیر سے درج کیا گیا، ایس ایچ او نے تسلیم کیا اطلاع روزنامچہ میں تو درج کی لیکن ایف آئی آر نہیں کاٹی۔
فیصلے کے مطابق قابل دست اندازی جرم میں مقدمے کا اندراج لازم ہے، سندھ میں اکثر مقدمات کے اندراج میں تاخیر دیکھی گئی ، مقدمات کا اندراج و تفتیش ایگزیکٹو عمل ہیں، مقدمات کا اندراج و تفتیش فوجداری نظام کا اہم اور بنیادی جزو ہے،عدالت عظمیٰ نے کہا معلومات ملتے ہی جلد از جلد مقدمہ کا درج کرنا ڈیوٹی افسر کی قانونی ذمہ داری ہے، پولیس افسر مقدمے کے اندراج سے انکار یا تاخیر نہیں کرسکتا، تاخیر کے ملزم و مدعی پر اثرات ہوتے ہیں،شواہد ضائع ،بےگناہ افراد کو شامل کرنے کا موقع ملتا ہے۔
سپریم کورٹ نے حکم نامے میں کہا پولیس کا ایف آئی آر درج نہ کرنا آئینی خلاف ورزی ،انصاف کی نفی ہے، سندھ میں ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کا رجحان تشویشناک ہے، ایف آئی آر میں تاخیر کمزور، غریب اور پسماندہ طبقے کے ساتھ ظلم ہے، پولیس طاقتور طبقے کی خدمت کر رہی ہے، عوام کی نہیں،فیصلے میں کہا گیاپولیس سٹیٹ کا تاثر خطرناک ،آئینی ریاست کی طرف جانا ہے، ہر پولیس افسر آئین کا سختی سے پابند ہے، سپریم کورٹ نے فیصلے میں تمام صوبوں کے آئی جیز کو قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پراسیکیوٹر جنرلز ایس او پیز بنائیں اور عوامی اعتماد بحال کریں۔
اندراج مقدمہ سے انکار یا تاخیر نہیں کی جاسکتی،عدالت عظمیٰ



















