دہشتگردی بھارتی ریاستی پالیسی ،پاکستان کی جوہری صلاحیت ناقابل تسخیر ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر


راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت ناقابل تسخیر، ایٹمی پروگرام مکمل طور پر محفوظ، کوئی نشانہ بنانے کی جرات نہیں کرسکتا، بھارت نے دہشت گردی کو پاکستان کیخلاف بطور پالیسی اپنایا ہوا ہے۔

الجزیرہ ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مذموم بھارتی عزائم ملکی سلامتی بالخصوص بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کی منظم سازش ہے، بھارت پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کی حمایت و مالی معاونت کررہا اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کوبطور پالیسی پاکستان کےخلاف اپنایا ہوا ہے۔ بھارتی سیاسی قیادت متعدد مواقع پر پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کا اعتراف کرچکی۔ امریکہ، کینیڈا سمیت کئی ممالک نے بھی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا اعتراف کیا، بھارتی سرپرستی میں ہونےوالی دہشت گردی کے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ اجیت دوول ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ خارجیوں کی اصطلاح حالیہ دنوں پاکستانی فوج، میڈیا میں وسیع پیمانے پر استعمال ہورہی ہے، خوارج کی اصطلاح ریاست و فوج پر حملے کرنےوالے مسلح گروہوں کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ موجودہ فتنہ الخوارج گمراہ نظرئیے کا تسلسل ہے جو مسلمانوں کو اپنے گمراہ عقیدے کے تحت قتل کرتے آئے ہیں، اسلام میں جہاد یا قتال کا اختیار صرف ریاست کے پاس ہے، کسی فرد ، تنظیم یا گروہ کو اختیار نہیں۔ فتنہ الخوارج کا اسلام، انسانیت، پاکستان یا پاکستانی روایات سے کوئی تعلق نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اسرائیل کی جارحیت کا نشانہ بننے والے ایران کیلئے پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی ممالک کےخلاف کسی بھی جارحیت کو علاقائی استحکام کےلئے سنگین خطرہ سمجھتا ہے، پاکستان ذمہ دار و ڈکلیئرڈ ایٹمی طاقت، ایٹمی پروگرام ملکی دفاعی صلاحیتوں و موجودہ علاقائی توازن پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔