حکومت نے ابراہم معاہدے کا حصہ بننے کی جرات کی تو بھرپور مزاحمت کرینگے،نعیم الرحمن


لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے حکومت نے ابراہم معاہدے کا حصہ بننے کی جرات کی تو بھرپور مزاحمت کرینگے۔

منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا امریکی پشت پناہی سے اسرائیل بدمست ہاتھی کی طرح انسانیت کو کچل رہا ہے، نسل در نسل امریکی غلامی اختیار کرنے والے حکمران ٹرمپ کی چاپلوسی سے باہر نکلیں اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں جرات مندانہ اقدامات اٹھائیں۔

امیر جماعت اسلامی نے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں کمی کےلئے احتجاج اور مظاہروں کے ازسرنو آغاز اور آئندہ 2روز میں لائحہ عمل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا حکومت نے عوام کو حقوق نہ دئیے تو مظاہرے اور احتجاج حکومت گراو تحریک میں بھی تبدیل ہوسکتے ہیں، فارم 47 سے آئے ہوئے حکمران تمام اختیارات اور دولت اپنے قبضہ میں رکھنا چاہتے ہیں، جمہوریت کا راگ الاپنے والی نام نہاد بڑی حکومتی اور اپوزیشن پارٹیوں کو اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں،20 لاکھ نئے ممبرز کی شمولیت کے بعد جماعت اسلامی نے ملک بھر میں تیس ہزار عوامی کمیٹیوں کی تشکیل کے کام کا آغاز کردیا، ایک ڈیڑھ ماہ میں ہدف کے حصول کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔