کراچی (بیورو رپورٹ) سانحہ لیاری کے بعد سندھ حکومت نے کراچی میں انتہائی مخدوش51 عمارتیںگرانے کا فیصلہ کرلیا، کمشنر کراچی سے 24 گھنٹے میں عمارتوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ نے ڈی جی ایس بی سی اے کو بھی معطل کر دیا ،سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر بلدیات سعید غنی اور وزیر داخلہ ضیاءلنجار کےساتھ سا نحہ لیاری میںجاں بحق افراد کے لواحقین کو10،10 لاکھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا لیاری بلڈنگ سانحہ میں ملوث افراد کےخلاف سخت کارروائی کی جائےگی، فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کےخلاف سخت کارروائی ہوگی، مقدمہ بھی درج کیا جائے گا،وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی مہلت میں 48 گھنٹے کا اضافہ کیا گیا ہے ،کمیٹی کی سربراہی کمشنر کراچی کو سونپی گئی ہے، کمیٹی 2 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی،وزیربلدیات نے کہا کمشنر کراچی کو 2 ہفتے میں شہر میں خطرناک قرار دی گئی 588 عمارتوں کا جائزہ لینے کے بعد درجہ بندی کر کے تمام تفصیلات دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ یہ فیصلہ کیا جاسکے کہ کن عمارتوں کو فوری طور پر گرانا ہے اور کون سی ایسی عمارتیں ہیں جو بنیادی مرمت کے بعد ٹھیک ہوجائیں گی،کمشنر کراچی نے یہ بھی دیکھنا ہے عمارتوں میں کتنے یونٹس ہیں؟ کتنے افراد مقیم ہیں، کتنے لوگ یونٹس کے مالک ہیں، کتنے پگڑی اور کتنے کرائے پر ہیںتاکہ حکومت ان لوگوں کی بحالی کا کام بھی کیا جاسکے،سعید غنی نے کہا حادثے میں جاں بحق 27 افراد کے ورثاءکو حکومت فوری طور پر فی کس 10 لاکھ روپے فراہم کرے گی، ایس بی سی اے کا نیا سربراہ آئے گا اور اگر تحقیقات میں سابق ڈی جی ایس بی سی اے کی کوئی مجرمانہ غفلت پائی گئی تو ایف آئی آر میں نام بھی شامل کیا جائے گا،پورے صوبہ میں 740 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے، ایس بی سی اے ان تمام عمارتوں کیلئے قانونی طریقہ کار پر تو عمل کرتا ہے، ان عمارتوں کو نوٹسز بھیجے جاتے ہیں، اخبارات میں اشتہار دیئے جاتے ہیں، عمارتوں پر بینر آویزاں کئے جاتے ہیں اور وہاں جا کر میگا فون پر اعلانات کئے جاتے ہیں، مگر اس سب کے باوجود ایس بی سی اے کی ذمے داری ختم نہیں ہوجاتی، اگر اس سب کے باوجود لوگ وہاں مقیم ہیں تو کسی نہ کسی پر ذمے داری لاگو ہوتی ہے،سعید غنی نے مزید کہاایس بی سی اے کے قانون میں ترمیم کیلئے ان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں چیف سیکرٹری، وزیرقانون اور میئر کراچی شامل ہیں، اس کمیٹی کو ایس بی سی اے کے قانون میں ترمیم لانے کیلئے 2 ہفتے کا وقت دیا گیا ہے،ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اسحاق کھوڑو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، ان کی جگہ گریڈ 20 کے افسر شاہ میر کا چارج سونپ دیا گیا، شاہ میر سیکرٹری چیف منسٹر انکوائری کمیٹی تعینات تھے،سندھ حکومت نے کہا لیاری عمارت گرنے کے معاملہ پر اسحاق کھوڑو کےخلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی شروع کر دی گئی، اسحاق کھوڑو بلڈنگ گرنے کے کسی واقعہ میں ملوث پائے گئےتو کارروائی کی جائے گی۔
کراچی میں انتہائی مخدوش عمارتیں گرانے کا فیصلہ، کمشنر سے تفصیلات طلب

















