لاہور (اپنے رپورٹر سے) سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے پرامن، منظم اور مثالی انعقاد کا مرحلہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی براہ راست نگرانی میں کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مثالی انتظامات پر وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق سمیت متعلقہ وزرا، ضلعی انتظامیہ، پولیس، رینجرز، انٹیلی جنس اداروں اور دیگر تمام متعلقہ ٹیموں کو زبردست شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نہ صرف بہترین بلکہ پرامن ترین محرم الحرام منعقد ہوابلکہ سڑکوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ ہم نے معاشرے سے نفرت کی گندگی کو بھی مٹایا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری داخلہ پنجاب، متعلقہ وزارتوں کے تمام سیکرٹریز، پی ٹی اے، انٹیلی جنس ایجنسیز، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، رینجرز اور دیگر اداروں کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ساتھ ہی امن کمیٹیوں، علما کرام اور عزادارانِ حسین کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے خواجہ سلمان رفیق، بلال یاسین اور مجتبی شجاع الرحمن کے ہمراہ لاہور میں نثار حویلی سے برآمد ہونے والے جلوس کا میٹرو بس سٹیشن پل سے معائنہ کیا۔ سینئر وزیر نے محکمہ داخلہ پنجاب میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں صوبے میں 10 محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایا کہ محرم کے دوران صوبے بھر میں 7500 کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ جاری ہے۔ پولیس کے ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ محکمہ داخلہ کے سائبر پٹرولنگ سیل نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیزی اور اشتعال پھیلانے والے 1600 سے زائد اکاﺅنٹس کی نشاندہی کی، جن میں سے 170 افراد کو گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ مرکزی کنٹرول روم کو تمام ضلعی کنٹرول رومز، رینجرز، ریسکیو 1122 اور سیف سٹی اتھارٹی سے براہ راست منسلک کر دیا گیا ہے۔ رئیل ٹائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے تحت جلوسوں اور مجالس کی مثر نگرانی عمل میں لائی گئی۔ سائبر پٹرولنگ سیل سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں، افواہوں اور اشتعال انگیز مواد کے سدباب کیلئے مسلسل متحرک ہے۔ عوامی سہولت کے پیشِ نظر جلوس کے راستوں کی صفائی، جراثیم کش ادویات کا سپرے، پانی کا چھڑکا، موبائل ٹوائلٹس، صاف پانی کی فراہمی اور ریسکیو سروسز کی مکمل دستیابی کو یقینی بنایا گیا۔ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے واپڈا اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط پلان مرتب کیا گیا۔ صوبہ بھر میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو، صحت اور صفائی کے تمام محکمے الرٹ اور مکمل ہم آہنگی کے ساتھ متحرک رہے۔سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ الحمدللہ تمام اضلاع میں جلوس کے راستوں کی بروقت مرمت کی گئی، سایہ دار جگہیں، سبیلیں اور عارضی طبی مراکز قائم کیے گئے اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئیں۔
محرم کے جلوسوں ،مجالس کے پرامن، منظم انعقاد کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوا:مریم اورنگزیب

















