متروکہ وقف املاک بورڈ میں میگا کرپشن، نائب قاصد کی کلرک کے عہدے پر ترقی

لاہور (تحقیقاتی رپورٹ: علی جنید) وفاقی وزارت مذہبی امور و ہم آہنگی کے ذیلی ادارے متروکہ وقف املاک بورڈ جسے حکومت پاکستان کی جانب سے ہندووں اور سکھوں کی اراضی ، گردواروں اور مندروں کا”امین“ مقرر کیا گیا ہے۔ روزنامہ ” مشرق“ کی تحقیقاتی رپورٹنگ نے تمام تر دستاویزات پر مبنی کرپشن کے میگا سکینڈل تک رسائی حاصل کر لی ہے جس میں محکمہ کے ارباب اختیار کی طرف سے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے 2010 میں درجہ دوئم میں نائب قاصد بھرتی ہونے والے کو سکیل 11 میں 14 سال بعد خفیہ طور پر کلرک بنا دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کے احکامات پر 14 سال کی سابقہ تنخواہیں و دیگر مراعات کا معاوضہ بھی متروکہ وقف املاک بورڈ کے سرکاری بنک HBL سول لائنز برانچ سے مختلف سرکاری چیکوں کی مد میں ادا بھی کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ میں سال 2010ءکو اسوقت کے چیئرمین سید آصف ہاشمی نے اس ادارہ میں مختلف سطح پر بھرتیاں کی تھیں جس میں شاہد محمود ولد محمد شریف بطور چوکیدار بھرتی ہوا تھا، جس کے بھرتی کی تمام تر دستاویزات ”مشرق“ حاصل کر چکا ہے جبکہ متروکہ وقف املاک سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے اپنی دیگر ٹیم کے ہمراہ نہایت ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے موجودہ چیئرمین ڈاکٹر ساجد چوہان ، فیڈرل سیکرٹری ڈاکٹر عطاءالرحمن کے علم میں لائے بغیر اور کسی قسم کو کوئی اخباری اشتہار بھی نہیں دیا گیا اور چوکیدار شاہد محمود کو رواں سال 2025 میں ظاہر کر دیا گیا کہ یہ کلرک 2010ءمیں بھرتی ہوا تھا جبکہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ شاید محمود کے بنک اکاو¿نٹ نمبر 01277901359703میں مختلف سرکاری چیکوں کے ذریعے بھاری رقوم ٹرانسفر کی گئی جبکہ 30 اپریل کو 1104000 کی رقم بھی ٹرانسفر کی گئی تھی۔ تحقیقات میں معلومات حاصل کی گئی کہ 23-03-2016 کو اس وقت کے ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن نے شاہد محمود کو چوکیداروں کی سنیارٹی میں 61 واں نمبر کا لیٹر جاری کیا تھا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ چیئرمین ڈاکٹر ڈاکٹر ساجد چوہان سینئر بیوروکریٹ ہیں جن کی شناخت انکی دیانتداری ہے جس سے واضح ہے کہ وہ اس سکینڈل میں شامل سرکاری افسران و اہلکاروں کو قانون کے دائرے میں لائیں گے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ فرید اقبال کو تحریری طور پر کبھی بھی وفاقی وزارت کی جانب سے چیئرمین کا ایڈیشنل چارج نہیں سونپا گیا اور اس قدر سنگین اقدام بنیادی طور پر کریمنل ایکٹ کے دائرے میں شامل ہوتا ہے جسے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے سپرد کیا جانا چاہئے جبکہ اس سکینڈل کے حوالے سے ترجمان ای ٹی پی بی نے سیکرٹری بورڈ فرید اقبال کے موقف کو بیان کیا ہے کہ شاہد محمود کا کورٹ آرڈر پر فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ”مشرق“ کی تحقیقاتی رپورٹنگ میں سامنے آیا ہے کہ سیکرٹری بورڈ نے چوکیدار کے معاملات پر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ہے اور اس معاملے میں وفاقی وزیر سردار یوسف ، وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر عطاءالرحمن اور چیئرمین ڈاکٹر ساجد چوہان کے علم میں نہیں لایا گیا ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے ملازمین کا اس معاملہ میں کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کااس پر نوٹس لینا نہایت ضروری ہے۔