پنجاب: بارشوں سے ہوئے نقصانات کے اعداد و شمار جاری

لاہور (مشرق نیوز) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار کی رپورٹ جاری کردی۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون الرٹ فیکٹ شیٹ جاری کی ہے جس میں دریاوں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح کی تفصیلات شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 18 شہری جاں بحق ہوئے، زیادہ تر اموات کچے مکانات، خستہ عمارتوں اور چھتوں کے گرنے سے ہوئیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے گی۔ مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل یکم جولائی تک جاری رہے گا، پنجاب کے دریاوں اور بیراجز میں پانی کا بہاو نارمل سطح پر ہے۔

عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں۔ لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ دریاوں، نہروں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی ہے۔