پنجاب حکومت ساہیوال میں شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے عمل پیرا ہے: کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ساہیوال کے عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے پسپ پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کی تکمیل سے شہر کی اگلی 30 سال کی سیوریج اور پینے کے پانی کی ضروریات پوری ہوں گی۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں پسپ پروگرام بارے تفصیلی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ اینڈ پلاننگ شفیق احمد ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان، سٹی منیجر پسپ محمد اسجد خان اور اے سی جی غلام حسین بھٹی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کے۔ انہوں نے پروگرام کی جلد تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے تادیر استفادہ کیلئے کام کی کوالٹی کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے شہر میں 3 پارکوں کی تکمیل اور شہر کی نئی سڑکوں کی تعمیر کو سراہا۔ انہوں نے تمام منصوبوں کو ستمبر 2025 تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ شہر کے شمالی حصے میں سیوریج لائن بچھانے کا کام 91 فیصد اور جنوبی حصے کا کام 96 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ کالج روڈ اور فرید ٹا¶ن روڈ کی تکمیل بھی جولائی کے آخر تک مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کو واٹر سپلائی کا 3 ارب روپے سے زائد کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے جس میں 543 کلومیٹر پائپ بچھائے گئے ہیں جس سے 43 ہزار سے زائد گھروں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے منصوبے کی تکمیل کے لئے ٹائم لائن کی پابندی کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ وہ تمام جاری پروگرام کی روزانہ کی بنیاد پر پروگریس لیں۔