اسلام آباد:(بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے محسوس ہوتا ہے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مسئلہ کبھی حل نہیں ہوگا،لاپتہ شہری کی متاثرہ فیملی کو چیک نہ دیا گیا تو حکومتی فنڈ منجمد کردیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاپتہ شہری عبد اللہ عمر کی بازیابی کےلئے اہلیہ زینب زعیم کی درخواست پر چیئرمین لاپتہ افراد بازیابی کمیشن کی عدم تعیناتی و متاثرہ فیملی کو 50 لاکھ کا چیک نہ دینے پر توہین عدالت کیس پر سماعت ہوئی،عدالت نے حکومت کو نئے چیئرمین لاپتہ افراد بازیابی کمیشن کی تعیناتی کےلئے 15 جولائی ،متاثرہ فیملی کو 50لاکھ کا چیک 2ہفتوں میں جاری کرنے کی آخری مہلت دےدی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا نئے چیئرمین لاپتہ افراد بازیابی کمیشن کی تعیناتی 2ہفتے تک ہو جائےگی، نامزدگیاں کرکے نام کابینہ کو بھجوادیئے ،جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے اگر متاثرہ فیملی کو چیک نہ دیا تو وفاقی حکومت کے فنڈ منجمدکردوں گا،مقصد ہوتا ہے حکومت کو مشکل میں ڈالے بغیر مسئلہ حل ہو یہاں لوگوں کی چھوٹی چھوٹی انا کا مسئلہ بنا ہوتا ہے،حکومت نے پہلے سپریم کورٹ کے سابق جج کو لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے قائم کمیشن کا سربراہ بنا کر انصاف فراہم نہیں کیا،کمیشن نے انصاف فراہم نہ کرکے ظلم کیا، انصاف کی عدم فراہمی کے کام میں عدلیہ بھی حصہ تھی، کیس میں عدالت نے لاپتہ شہری کو مسنگ پرسن ڈکلیئر کیا ہوا ہے،حکومت کو احساس ہونا چاہیے اور متاثرہ فیملی کو پتہ تو ہو فیملی ممبر زندہ ہے یا مردہ۔
ہائیکورٹ نے کہا بدقسمتی سے حکومت لاپتہ افراد کی بازیابی کےلئے سنجیدہ نہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مسئلہ کبھی حل نہیں ہوگا، 15،15سال سے لاپتہ افراد کے کیس التوا کا شکار ہیں،عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا حکومت کو بتائیں عدالتیں کسی کی پابند نہیں ہوتیں، نیاچیئرمین آئے گا اگر وہ استعفیٰ دے گیا تو پھر نیا چیئرمین آ جائےگا پھر نیا چیئرمین آگیا تو وہ کہے گا کام شروع سے کرنا ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کیس میں آخری بار ان کیمرہ بریفنگ کا کہا تھا کیا بنا؟ سیکرٹری دفاع بتائیں ان کیمرہ بریفنگ کا کیا ہوا اگر وہ نہیں بتانا چاہتے تو ثابت کرنا ہوگا،عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہوا تو متعلقہ سیکرٹریز دفاع و داخلہ کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع ہوگی،کیس کی سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
محسوس ہوتا ہے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مسئلہ کبھی حل نہیں ہوگا:اسلام آباد ہائیکورٹ



















