شہباز کانواز سے رابطہ،قومی سلامتی کمیٹی کااہم اجلاس طلب

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیراعظم کاپارٹی قائد سے مشاورت کے بعد ایرانی صدر کو فون،امریکی حملے کی مذمت کی گئی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے ایران پر امریکی حملے کے بعد پارٹی قائد نواز شریف سے ہنگامی رابطہ کیا ،امریکی حملے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا، وزیراعظم نے مشاورت کے بعد ایرانی صدر کو فون کیا اور ایرانی ایٹمی تنصیبات پر امریکی حملے کی مذمت کی،دونوں کے درمیان قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

قائد ن لیگ نوازشریف نے کہاپاکستان ایران کی بلا مشروط سفارتی حمایت جاری رکھے گا،جنگ نہیں امن چاہتے ہےں، دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا خاتمے ہونا چاہیے ، پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کےلئے اقوام عالم سے رابطے میں ہے۔

شہبازشریف نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان امن کوششوں کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس پیر کو طلب کر لیا،ذرائع کے مطابق اجلاس میں عسکری و سول قیادت شرکت کرے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنے حالیہ دورہ امریکہ پر شرکا کو اعتماد میں لیں گے ،ایران اسرائیل امریکہ تنازع پر تفصیلی مشاورت ہو گی،اجلاس میں ایران کی حمایت و دیگر اہم امور پر بڑے فیصلوں کا امکان ہے ،ملکی داخلی و سرحدی سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائےگا۔