ساہیوال (چوہدری اشرف سے) چیئرمین پاکستان علماءکونسل و صدر قومی یکجہتی کونسل حافظ علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے علماءکرام کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈویژن انتظامیہ ساہیوال کے زیر اہتمام محرم الحرام میں بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں قائم مقام کمشنر ساہیوال شاہد محمود، آرپی او محبوب رشید، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈی پی او ساہیوال رانا طاہر الرحمن، اے ڈی سی جنرل نیاز احمد مغل سمیت ضلع اوکاڑہ اور پاکپتن کے افسران، جید علماءکرام میں مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا طاہر الحسن، علامہ قاری مبشر، سید ضیا اللہ شاہ بخاری، سید غلام اصغر شاہ اور مقامی علماءکرام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہندوستان چند دنوں میں پاکستان کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کا خیال کئے بیٹھا تھا جس کا پاکستانی افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان میں اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان پرامن قوم ہیں تاہم جو جنگ چھیڑے گا اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کا دوست پڑوسی ملک ہے، ایران پر حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری امت ایران کے ساتھ کھڑی ہے اور علماءکرام ایران اور فلسطین پر جارحیت کی مزاحمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین اپنے اسلامی بھائی ملک ایران کے خلاف کبھی استعمال نہیں ہو گی اور ہم سب مظلوم فلسطینیوں اور ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرئیل کے درمیان جنگ کو رکوانے میں عالمی ادارے کردار ادا کریں۔ چیئرمین پاکستان علماءکونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستانیوں نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دیں اور اس جنگ میں 90ہزار پاکستانی شہید ہوئے۔ تقریب میں سید ضیا اللہ شاہ بخاری، سید غلام اصغر شاہ اور مقامی علماءکرام نے امن و امان کے لئے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ساہیوال پرامن شہر ہے اور اسے پرامن رکھنے میں ہمارے بزرگوں کی قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں مسلک کے حوالے سے کوئی ہنگامہ نہیں ہوا اور علماءکرام اور انتظامیہ ایکدوسرے کے ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ اس موقع پر قائم مقام کمشنر شاہد محمود نے کہا کہ تمام مسلمان ایک مٹھی کی طرح ہیں اور کسی کو اس اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ آرپی او محبوب رشید نے وفد کو ساہیوال آمد پر خوش آمدید کہا۔ اجلاس کے اختتام پر ملکی ترقی و خوشحالی، ایران اور فلسطین کے مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
موجودہ دور میں باہمی اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے : طاہر اشرفی

















