تہران (مشرق نیوز) ایران نے امریکی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے آبنائے ہرمز بند کرنے اور جوابی کارروائی کا اعلان کر دیا، ایران نے کہا ہے کہ امریکہ تھوڑا انتظار کرے، حملوں کی سزا بھگتے گا، پوری قوت سے مزاحمت کریں گے۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ٹیلی گرام پر پوسٹ کیا ہے کہ امریکہ جنگ میں اپنے نقصان کیلئے داخل ہوگیا، امریکہ کو پہنچنے والا نقصان ایران سے کہیں زیادہ ہوگا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقی نے کہا ہے کہ امریکی حملے شرمناک ہیں، پوری قوت سے جواب دیں گے، امریکی حملوں کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے، ان حملوں کے دیرپا نتائج نکلیں گے، جوہری تنصیبات پر حملے افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ امریکی حملے اشتعال انگیز ہیں، جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، ایران اپنی خودمختاری، مفادات اور اور عوام کے دفاع کیلئے تمام اختیارات محفوظ رکھتا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے امریکی فضائی حملوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ان جارحانہ کارروائیوں کے خلاف پوری قوت سے مزاحمت کریگا۔وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر کے بین الاقوامی قوانین کی سنگین اور بے مثال خلاف ورزی کی ہے، دنیا یہ نہ بھولے کہ سفارتی عمل کے دوران سب سے بڑی خیانت امریکہ نے کی جس نے اسرائیل کی جارحیت کی حمایت کر کے ایران کے خلاف خطرناک جنگ کا آغاز کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ واضح ہو چکا ہے کہ امریکہ کسی ضابطے، اخلاقیات یا عالمی اصولوں کا پابند نہیں۔ وہ ایک نسل کش اور قابض ریاست کے مقاصد کیلئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے زور دیکر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے قومی مفادات اور سلامتی کے دفاع کیلئے پورے عزم اور طاقت کے ساتھ امریکی حملوں اور اس مجرمانہ ریاست کے خلاف مزاحمت کا حق رکھتا ہے۔
پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ ایران مشرق وسطی میں تمام امریکی اثاثوں کو نشانہ بنائے گا، یورپی یونین کا کوئی بھی بحری بیڑہ یورپ نہیں پہنچ سکے گا، اب ہمارے لئے جنگ شروع ہو چکی ہے، خطے میں موجود ہر امریکی شہری یا فوجی اب ہدف ہے۔ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا، ایرانی مشن نے امریکی حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت اور مجرموں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
نیویارک میں قائم ایران کے اقوام متحدہ مشن نے امریکی بمباری کو کھلی اور غیرقانونی جارحیت قرار دیتے ہوئے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کی شدید مذمت کرے۔ایرانی مشن کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنی ذمہ داری ادا کرے اور اس سنگین جرم کے مرتکب فریق کو مکمل انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ اسے سزا سے استثنیٰ نہ ملے۔
ایران کا موقف ہے کہ عالمی امن کے تحفظ کیلئے اس حملے کو نظر انداز کرنا عالمی قوانین کی نفی ہو گی۔ یمن کی حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ نے کہا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں سے جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔ انصار اللہ کے سیاسی بیورو کے رکن محمد الفرح نے کہا کہ یہ واضح ہوچکا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ دشمنی ہی چاہتے ہیں تاکہ جنگ کا جلد خاتمہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جوہری تنصیب کو تباہ کرنا جنگ کا خاتمہ نہیں، بلکہ یہ ایک آغاز ہے، اب مار کے بھاگ جانے کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ایران کی جوہری توانائی تنظیم نے امریکہ کی جانب سے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر کئے گئے حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور اسے وحشیانہ حملہ قرار دیا ہے۔تنظیم نے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ اس معاملے میں لاپرواہ بلکہ معاون ثابت ہوئی ہے۔
ایران کی جوہری توانائی تنظیم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان حملوں کی مذمت کرے اور ایران کی جائز پوزیشن کی حمایت کرے۔بیان میں کہا گیا کہ دشمنوں کے منفی منصوبوں کے باوجود ایران کے سائنسدان اور ماہرین ملک کی جوہری صنعت کو آگے بڑھانے کا عمل جاری رکھیں گے، اس حملے کے بعد ایران ضروری اقدامات کرے گا، جن میں قانونی کارروائیاں بھی شامل ہوں گی۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ امریکی حملے سے قبل تینوں جوہری تنصیبات کو خالی کرا لیا گیا تھا، نشانہ بنائی گئی تنصیبات میں کوئی مواد نہیں تھا جو اخراج کا باعث بنے، دشمن کے فضائی حملوں میں فردو جوہری سائٹ کو نشانہ بنایا گیا، اصفہان اور نطنز جوہری سائٹس کے قریب بھی حملے کئے گئے۔ایرانی عہدیدار کے مطابق فردونیوکلیئر سائٹ کی صرف داخلی اور خارجی سرنگوں کو نقصان پہنچا۔
ایران کا آبنائے ہرمز بند اور امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا اعلان



















