اسلام آ باد:(بیورورپورٹ)پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کا بیان مستردکرتے ہوئے واضح کردیااپنے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ کےلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا امیت شاہ کا بیان بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی و سنگین بے حسی کا مظہر ہے، سندھ طاس سیاسی مفاہمت نہیں بلکہ بین الاقوامی معاہدہ ہے ،کسی یکطرفہ اقدام کی کوئی گنجائش نہیں،بھارت کی جانب سے معاہدے کو معطل کرنے کا غیر قانونی اعلان بین الاقوامی قانون، معاہدے کی شقوں اور ریاستوں کے باہمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔
دفتر خارجہ نے کہاایسا طرز عمل نہایت خطرناک و غیر ذمے دارانہ نظیر قائم کرنے کےساتھ بین الاقوامی معاہدوں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے،پانی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا غیر ذمے دارانہ فعل اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ریاستی اصولوں کے منافی ہے، بھارت کو چاہیے فوری اپنے یکطرفہ و غیر قانونی موقف کو واپس لے اور سندھ طاس معاہدے پر مکمل ،بلا تعطل عملدرآمد کو بحال کرے، پاکستان معاہدے کا مکمل احترام کرتا ہے اور اپنے جائز حقوق و مفادات کے تحفظ کےلئے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
سندھ طاس عالمی معاہدہ ،حقوق کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کرینگے:پاکستان

















