اسلام آباد(بیورورپورٹ)جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہوا ،مختلف عدالتی امور زیر بحث آئے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے جسٹس امین الدین و دیگر آئینی بنچز کی مدت میں 30 نومبر تک توسیع کردی،سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بنچ میں تبدیلی کرکے جسٹس آغا فیصل کی جگہ جسٹس عدنان اقبال کو شامل کرلیا گیا،جسٹس ثنا اکرم کی جگہ جسٹس جعفر آئینی بنچ کاحصہ بن گئے،جوڈیشل کمیشن نے تمام ہائیکورٹس کے آئینی بیچز کی مدت میں بھی 6 ماہ توسیع کردی ۔
دریں اثنا سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے جاری کردہ جنرل سٹینڈنگ آرڈر کے تحت سپریم کورٹ ججز کے بیرون ملک سفر ،چھٹیوں کےلئے ضابطہ کار طے کر دیا گیا اب ججز کو بیرون ملک جانے کےلئے چیف جسٹس سے این او سی لینا لازمی ہوگا۔
نئے ایس او پی کے مطابق چیف جسٹس کو اختیار ہوگا کسی بھی جج کی چھٹی منظور یا مسترد کر سکیںضرورت پڑنے پر جج کو واپس بھی بلا سکتے ہیں، چیف جسٹس اختیارات عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے استعمال کریں گے،ایس او پی میں واضح کیا گیا ججز کو ہر قسم کی چھٹی کےلئے پیشگی منظوری لینا ہوگی اورمعقول وجہ بھی بیان کرنا لازم ہوگا، چھٹی کے دوران جج صاحبان کو اپنا موجودہ پتہ ،رابطے کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی،صرف سرکاری دوروں کےلئے وزارت خارجہ سے پروٹوکول کی درخواست کی جائے گی۔
جوڈیشل کمیشن نے آئینی بیچز کی مدت میں بھی 6 ماہ توسیع کردی



















