تاجروں کو گرفتار کرنے کی تجویز کانوٹس،بلا جواز ہراساں کرنا قبول نہیں:وزیراعظم
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف نے ٹیکس فراڈ کرنے والے تاجروں کو گرفتار کرنے کی تجویز کانوٹس لے لیا۔
معاملے پر شہباز شریف نے فوری ایف بی آر کے امور پر جائزہ اجلاس بلایا ، وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا سیلز ٹیکس نادہندہ گان کی گرفتاری کا اختیار 1990 کی دہائی سے قانون کا حصہ ہے تاہم اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید مربوط بنانے کےلئے متعلقہ شقوں میں ترامیم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے تمام معاملہ جانچنے کے بعد انتہائی سختی سے ہدایت کی کسی بھی ترمیم کو کاروباری برادری یا ٹیکس دہندگان کو ہراساں کرنے کےلئے ہرگز استعمال نہیں کیا جائےگا، با قاعدگی سے ٹیکس ادا کرنے والوں کو ہراساں کرنا ہرگز قبول نہیں کیا جائےگا، کاروباری برادری ، سرمایہ کاروں کی عزت اور توقیر سر آنکھوں پر، بلا جواز ہراساں کرنا قبول نہیں۔
شہبازشریف نے معاملے پر خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ٹیکس قوانین میں گرفتاری کا اختیار صرف اور صرف غیر معمولی حجم کے ٹیکس نادہندہ گان تک محدود ہونا چاہیے، گرفتاری کے حوالے سے ایکسٹرنل ریویو اور چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام وضع کیا جائے،قوانین کے غلط استعمال سے تحفظ سے متعلق شقیں فنانس ایکٹ کا حصہ بنائی جائیں،معاملے پر پارلیمان میں موجود تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ٹی شعبے کی تربیت اور پاکستان میں تربیتی پروگرامز کے ایکوسسٹم (ماحول) کو بہتر بنانے سے متعلق تمام اقدامات کی مدت کا تعین کر کے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا آئی ٹی کے جدید تربیتی پروگرامز سے مقامی سطح پر تبدیلی کیلئے نوجوانوں کو تیار کیا جائے، آئی ٹی کی ایسی تربیت فراہم کی جائے جس سے نوجوانوں کیلئے روزگار یقینی ہو، پائیدار اور جدید آئی ٹی نظام سے پاکستان خطے میں مرکز بن کر ابھرے گا، مقامی کمپنیوں کو آئی ٹی شعبے کی بااختیار افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
دریں اثنا انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپواینڈ کانفرنس کے سافٹ لانچ کی تقریب سے وزیر اعظم شہبازشریف ترقی کے عمل میں بلیواکانومی کے اہم کردارکونظراندازنہیں کرسکتے،پاک بحریہ قومی دفاع کا اہم ستون ہے، 1965کا آپریشن دوارکا ہویا حالیہ کشیدگی،پاک بحریہ نےاپنا لوہا منوایا ، پاک بحریہ نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ،پاکستان عالمی امن ،علاقائی استحکام کےلئے پرعزم ہے، عالمی امن مشق میں60 سے زیادہ ملکوں کی شرکت ہمارے غیرمتزلزل عزم کی عکاسی ہے۔
شہبازشریف نے کہا پاکستان اپنے جغرافیائی محل وقوع کی وجہ سے اہمیت کا حامل ملک ہے، ہمارے پاس1000کلومیٹر سے زیادہ کی ساحلی پٹی اور 3 بندرگاہیں ہیں،شہباز شریف نے کہا ہمارا سٹرٹیجک محل وقوع بلیواکانومی کےلئے بہت اہم ہے، تجارت اورپائیدارترقی بلیواکانومی کےلئے اہمیت کی حامل ہیں، عالمی سطح پربلیواکانومی کھربوں ڈالرتک پہنچ چکی ، پاکستان نے بلیواکانومی کے شعبے میں اپنا حصہ حاصل کرنا ہے۔
قبل ازیں پاکستان اور یو اے ای میں علم ،باہمی تجربے، رہنمائی ،ترقیاتی ماڈلز کا تبادلہ کرتے ہوئے حکومتی کارکردگی میں بہتری میں تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔
وزیراعظم نے کہا گڈ گورننس کے حصول کےلئے حکومت پاکستان متحدہ عرب امارات کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے، وزیراعظم سے عبداللہ نصر لوتاہ، نائب وزیر برائے کیبنٹ افیئرز فار کمپیٹیٹونس اور نالج ایکسچینج کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی ، وفدمیں پاکستان میں عرب امارات کے سفیر حماد عبید الزابی اور گورنمنٹ نالج ایکسچینج آفس کے عبداللہ البلوکی اور ابراہیم العلی بھی شامل تھے۔
شہباز شریف نے کہا متحدہ عرب امارات نے جدید مینجمنٹ نظام سے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر دیا ہے، متحدہ عرب امارات کے وزیر عبداللہ نصر نے کہا متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی کمیونٹی کے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار کو سراہا۔
بعد ازاں وزیر اعظم اور عبداللہ نصر نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی دستخط کی تقریب میں شرکت کی،مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک متعلقہ شعبوں میں علم اور باہمی تجربے، رہنمائی اور ترقیاتی ماڈلز کا تبادلہ کرتے ہوئے حکومتی کارکردگی کی بہتری میں تعاون کرینگے۔
مفاہمتی یاداشت کے تحت گڈ گورننس، ،ترقیاتی منصوبہ بندی، حکومتی شعبے کی اصلاحات، انسانی وسائل کی ترقی، شہری منصوبہ بندی، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعوں میں تعاون شامل ہیں۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے ارکان قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ، ملک ابرار احمد، جمال شاہ کاکڑ اور آغا رفیع اللہ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو مشکل حالات میں عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی اور منظوری کے حوالے سے اپنی تائید و حمایت کا یقین دلایا۔



















