اسرائیل جلد بھارت کی طرح زخم چاٹتا نظر آئے گا،سعد رفیق

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)ن لیگی رہنما وسابق وفاقی وزیر سعد رفیق نے کہا ہے امریکی حکمرانوں کی شہ پر صیہونیوں کا ایران پر حملہ بھیانک سیاسی غلطی ثابت ہوگا،یقین ہے ایرانی قوم جبر کے سامنے سر نہیں جھکائے گی،امریکی ،یورپی طاقتوں کی حمایت سے کئے گئے صیہونی حملوں کا مسلسل جواب ہی ایران کی کامیابی ہے۔

ایکس پر جاری اپنے بیان میں سعدرفیق نے کہااسرائیل جلد بھارت کی طرح اپنے زخم چاٹتا نظر آئے گا،عالم ِ عرب پر صیہونی بالادستی ریزہ ریزہ ہوگی،غزہ کے مظلوموں کی آہ و بکا نے عرش و فرش ہلا دئیے،بہتا ہوا خون عالمی استعمار کے خاتمے کا عنوان بن رہا ہے۔

سعدرفیق نے کہا اہل غزہ کے قتل عام میں ملوث صیہونی ،عالمی سرپرست ہی اسلامو فوبیا کے اصل ذمہ دار ہیں،ایران پر حملے نے عالم اسلام کے سوئے حکمرانوں کو گہری نیند سے بیدار کر دیا،بنیان مرصوص کے بعد وعدہ صادق کی کامیابی انسانیت ،امن ،انصاف اور توازن کیلئے اشد ضروری ہے۔