لاہور:(اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیر صدارت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل اور میڈیا انڈسٹری کی بہتری کےلئے جائزہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، متعدد اہم فیصلے کیے گئے جن میں ڈی جی پی آرکے ایکریڈیشن کارڈ کے اجرا کےلئے صحافیوں کےلئے درکار تجربے کی شرط میں نرمی شامل ہے اب ایسے صحافی جو مسلسل 5سال سے شعبہ صحافت سے وابستہ ہیںڈی جی پی آرایکریڈیشن کارڈ جاری کیا جائےگا۔
اجلاس میں بتایا گیا سال 2025کے دوران اب تک پنجاب بھر میں 2725صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کیے جاچکے ہیں، جائزہ کمیٹی صحافی کی متفقہ اور واضح تعریف مرتب کرے گی تاکہ پالیسی سازی میں شفافیت لائی جاسکے،اجلاس میں لاہور پریس کلب، سی پی این ای، اے پی این ایس، پی بی اے اور دیگر صحافتی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی اور میڈیا سے متعلقہ مختلف معاملات پر اپنی آرا پیش کیں،اخبار مالکان اور ایڈیٹرز کی تنظیموں نے یقین دہانی کرائی وہ ڈمی اخبارات کے خاتمے کےلئے حکومت پنجاب کےساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
جائزہ کمیٹی نے ڈی جی پی آڑ کی جانب سے میڈیا اداروں کو اشتہارات کی بروقت ادائیگیوں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا،وزیر اطلاعات عظمی بخاری نے میڈیا اداروں پر زور دیا وہ اپنے کارکنوں کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے،اجلاس میں پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز غلام صغیر شاہد نے شرکت کی،اجلاس میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر صحافی کاظم خان، نوید کاشف، حافظ طارق، ایاز خان، نور اللہ اور محسن ممتاز سمیت میڈیا کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شریک ہوئے۔
ڈی جی پی آر کے ایکریڈیشن کارڈ کےلئے 10سالہ تجربے کی شرط ختم


















