سندھ ،تنخواہوں میں 12فیصد تک اضافہ، ترقیاتی پروگرام میں کٹوتی،5ٹیکسز ختم

کراچی:(بیورورپورٹ)سندھ کا34 کھرب 51 ارب کا بجٹ پیش،تنخواہوںمیں 12فیصد تک اضافہ،پنشن8فیصد بڑھا دی گئی، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں کٹوتی،5قسم کے ٹیکسز ختم کردئیے گئے۔

مرادعلی شاہ نے بجٹ تقریر کرتے ہوئے اعلان کیا گریڈ ایک سے 16 تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 12 فیصد اضافہ کیا جائےگا، گریڈ 17 سے 22 تک افسروں کی تنخواہیں 10 فیصد بڑھائی جارہی ہیں جبکہ پنشن میں 8 فیصد اضافہ کیا گیا ،5محصولات پروفیشنل ٹیکس، کاٹن فیس، انٹرنیٹ ڈیوٹی، لوکل سیس اور ڈرینیج سیس ختم کرنے کی تجویز دےدی،سندھ میں چھوٹے کاروبار کرنے والے سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے تاہم خدمات کے تمام شعبوں کو سیلز ٹیکس کے دائرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا ایمبولنس سروس، موبائل تشخیصی یونٹس کو دیہی علاقوں تک توسیع دی جائیگی، مالیاتی منتقلی میں متوقع کمی کے باعث سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 20 فیصد کٹوتی کردی ،رواںسال سالانہ ترقیاتی پروگرام 520 ارب تک محدود کردیا ،سیلاب زدہ علاقوں، قابل تجدید توانائی، پسماندہ اضلاع کیلئے 475 نئی سکیمیں شروع کریں گے،پاکستان کی پہلی 50 الیکٹرک بسیں کراچی میں متعارف کرائی جائیں گی۔

مراد علی شاہ نے کہا4 آئی بی اے کمیونٹی کالجزقائم کریں گے، غریب، ہونہار طلبہ کی معاونت کیلئے سندھ ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈز میں 2 ارب مختص کردئیے،گورننس کو جدید بنانے، معیشت کو فروغ دینے کے اقدامات بھی بجٹ میں شامل ہیں،تعلیم کے بجٹ میں 12.4 فیصد اضافہ کردیا،2 لاکھ سے زائد کسانوں کو سبسڈی، جدید زرعی مشینری کی فراہمی کیلئے بینظیر ہاری کارڈ کا اجرا ہوگا،تعلیم کے بجٹ کو مرکز سے سکولوں کی سطح پر منتقل کرینگے،آئی ایم ایف کی پابندیوں کے باوجود ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے،بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج اور شورشرابہ کرتے ہوئے کہا بجٹ سندھ نہیں وڈیرا شاہی کا ہے ،صرف جاگیرداروں ،وڈیروں کے مفادات کا تحفظ کیا گیا ۔