ساہیوال کی 8 نجی ہاﺅسنگ سوسائٹیز میں پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح
ساہیوال (بےورو رپورٹ) ضلع کی منظور شدہ 8 نجی ہاوسنگ سوسائٹیز میں اصلاح نظام اراضی منصوبے کے تحت پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیاجس کا نفاذ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی جانب سے کیا گیا ہے اور اس کی افتتاحی تقریب ڈی سی آفس میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (آپریشنز) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی محمد فاروق اکمل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اسامہ مجید چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگزیب اور نجی ہاوسنگ سوسائٹیز کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کہا کہ یہ ساہیوال کیلئے ایک اعزاز ہے کہ صوبہ بھر میں پراپرٹی ٹرانسفر سسٹم کا آغاز سب سے پہلے یہاں سے کیا جا رہا ہے اور اس جدید نظام سے شہریوں کو سہولت، شفافیت اور وقت کی بچت میسر آئے گی۔نئے سسٹم کے تحت منظور شدہ ہاوسنگ سوسائٹیز میں پراپرٹی کی خرید و فروخت کیلئے نادرا کے ساتھ مربوط ڈیٹا کی بدولت خریدار اور فروخت کنندہ کی فوری بایومیٹرک تصدیق ممکن ہو گئی ہے۔ تمام متعلقہ دستاویزات کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ محفوظ کیا جا رہا ہے، جس سے انتقال اراضی کے وقت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔بینک کے چکر لگائے بغیر فیس کی آن لائن ادائیگی اور تصدیق کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ مزید برآں، پراپرٹی کی قدر میں بہتری، لین دین میں آسانی، اور ملکیت کے ریکارڈ کے ساتھ ڈیجیٹل نقشہ جات کی منسلکی جیسے انقلابی اقدامات اس نظام کا حصہ ہیں۔ہاوسنگ سوسائٹیز مالکان و نمائندگان نے منصوبے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ ماڈل دیگر اضلاع میں بھی نافذ کر کے صوبے بھر میں اراضی سے متعلق خدمات کو مزید شفاف اور سہل بنایا جائے گا۔واضح رہے کہ سسٹم کے نفاذ سے نجی ہاوسنگ سوسائٹیز کو خود ہی رجسٹری کرنے کا اختیار مل گیا ہے جس سے وقت کی بچت اور شفافیت کو فروغ ملے گا ۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی شہروں کے ساتھ ساتھ دیہاتوں میں بھی مکمل صفائی کی ہدایت، کنٹینرز میں پڑا کوڑا ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جائے، تحصیل دیپالپور میں 2روزہ خصوصی مہم چلا کر مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے اور تحصیل میں سینٹری ورکرز کی کمی کو فوری پورا کیا جائے، ساہیوال واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی کو ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، سٹی منیجر پسپ اسجد خان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔انہوں نے کمپنی کے سی ای او کو ہدایت کی کہ وہ اس دو روزہ مہم کی نگرانی کریں اور تحصیل بھر میں صفائی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ساہیوال شہر کے تین بڑے بازاروں دیپالپور بازار، پاکپتن بازار اور صدر بازار میں جاری ٹف ٹائل لگانے کے کام کو تیز کرنے اور بجلی و ٹیلی فون کے پولز کی جلد شفٹنگ مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بازاروں اور مارکیٹوں میں تجاوزات کے خلاف مہم کو روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھتے ہوئے انفورسمنٹ انسپکٹر خالد ضیاءکو راجباہ 6آر کے ساتھ پختہ تجاوزات کو ہٹانے کی بھی ہدایت کی۔

















