عمران کے پولی گرافک ،فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کیلئے پولیس کی درخواست مسترد
لاہور:( کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان کے پولی گرافک اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کرانے کیلئے پولیس کی درخواست مسترد ،انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے محفوظ فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے کہاپولیس کو 2بار ٹیسٹ کرانے کا موقع دیا تاہم ملزم کی جانب سے دونوں بار انکار کے بعد اب تیسرا موقع دینا محض وقت کا ضیاع ہوگا،پولیس ملزم کا مطلوبہ ٹیسٹ کرانے میں ناکام رہی، مناسب مواقع دئیے گئے مگر ٹیسٹ نہ کرانے کی ذمہ داری خود پولیس پر عائد ہوتی ہے۔
خصوصی عدالت نے کہاملزم کو بےگناہی ثابت کرنے کےلئے 2 چانس دئیے لیکن ضد کی وجہ سے مواقع ضائع کردئیے، ملزم کے انکار کے بعد تفتیش کیسے آگے بڑھے گی؟ ملزم کے 2 بار انکار کے بعد تیسرا موقع دیا جانا محض وقت کا ضیاع ہوگا،جج خصوصی عدالت نے کہااپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے ملزم بےگناہی ثابت کرنے سے انکاری ہے لہٰذا ٹیسٹ کرانے کیلئے مزید موقع کی ضرورت نہیں ،تفتیشی افسر ہر قانونی طریقے سے تفتیش مکمل کرے۔


















