پاکستان دہشتگردی کیخلاف اہم شراکت دار ،تعاون سے داعش کے درجنوں دہشتگردوں کو ہلاک، گرفتار کیا،امریکہ

واشنگٹن:(بیورورپورٹ)امریکہ نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہاتعلقات بگاڑ نہیں سکتے،تعلق امریکہ کی قومی سلامتی کےلئے اہم ہے۔

سینٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا پاکستان کے دہشتگردی کےخلاف مثبت و فعال کردار کی پوری دنیا معترف ہے،داعش خراسان عالمی سطح پر سب سے سرگرم دہشتگرد تنظیموں میں شمار ہوتی ہے، پاکستان غیر معمولی انسداد دہشتگردی شراکت دار کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ،پاکستان کےساتھ قریبی انٹیلی جنس تعاون کے نتیجے میں داعش خراسان کے درجنوں دہشتگردوں کو ہلاک ،گرفتار کیا گیا‘ تنظیم کے 5انتہائی مطلوب رہنما بھی شامل ہیں۔

جنرل ایرک کوریلا نے کہا پاکستانی حکام نے انٹیلی جنس شیئرنگ کے ذریعے امریکہ کو کئی اہم کامیابیاں دلائیں، کامیابیوں میں ایبے گیٹ بم دھماکے کے ماسٹر مائنڈ جعفر کی گرفتاری ،حوالگی شامل ہے،گرفتاری کے فوری بعد چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ذاتی طور پر رابطہ کر کے اطلاع دی،پاکستان محدود مگر موثر انٹیلی جنس معلوماتی تبادلے کے ذریعے داعش خراسان کےخلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

سربراہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہادہشتگرد گروہ پاکستان ،افغانستان کی سرحدی پٹی میں سرگرم ہے، پاکستان کی شراکت داری انسداد دہشتگردی کے عالمی تناظر میں انتہائی اہم و مو¿ثر ثابت ہو رہی ہے،داعش کو کچلنے کے قریب ہیں،2024 کے آغاز سے اب تک پاکستان کے مغربی علاقوں میں ایک ہزار سے زائد دہشتگرد حملوں میں تقریباً 700 سکیورٹی اہلکار ،شہری جاں بحق ، 2500 زخمی ہوئے ، پاکستان فعال انسداد دہشتگردی کی جنگ لڑ رہا ہے۔

جنرل ایرک کوریلا نے کہا ایسا محسوس ہوتا ہے داعش خراسان کمزور ہو چکی،سرگرمیوں میں کمی آئی ،بنیادی وجہ حالیہ مہینوں میں تنظیم کو پہنچنے والا بھاری نقصان ہے،پاکستان ،بھارت دنوں کےساتھ تعلقات رکھنا ہوں گے،نہیں سمجھتا کوئی ایسا دو ٹوک فیصلہ ہے اگر بھارت سے تعلق ہو تو پاکستان سے نہیں ہو سکتا۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا صدر ٹرمپ کشمیر کا تنازع حل کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، امید ہے پاکستان ،بھارت کے دیرینہ اختلافات کو بھی حل کر لیں گے،صدر ٹرمپ واحد شخص جو فریقین کو مذاکرات کی میز پر لا سکتے ہیں،حال ہی میں انڈر سیکرٹری ایلیس ہوکر نے بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی سفارتی وفد سے ملاقات کی، پاک بھارت جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

ٹیمی بروس نے کہا شکر ہے پاکستان ،بھارت کے درمیان جنگ بندی ہو چکی ،امید ہے استحکام آگے بھی برقرار رہے گا،صدر ٹرمپ کا ہر قدم نسلوں کے درمیان جنگ ،اختلافات ختم کرنے کیلئے ہے،حالیہ عرصے کے دوران امریکہ میں غیرقانونی تارکین وطن کے پرتشدد مظاہرے دیکھے گئے، صدر ٹرمپ نے سرحدی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کرلیا،امریکی سڑکوں کو جرائم پیشہ عناصر اور غیرقانونی تارکین وطن سے صاف کرنا ترجیح ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا5امدادی اداروں پر حماس کی حمایت کی بنیاد پر پابندیاں لگائی جا رہی ہیں،صدر ٹرمپ نے غزہ کی صورتحال پر تجاویز طلب کرلیں،ایران کےساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہو رہی ہے، یوکرین،روس جنگ کے خاتمے کےلئے بھی امریکہ اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔