فواد چودھری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے خارج،دلچسپ مکالمہ


اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے خارج، ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کرا دی۔

فواد چودھری کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نہ نکالنے پر توہین عدالت کیس پر سماعت ہوئی،دوران سماعت ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن کی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔

رپورٹ میںانکشاف کیا گیا سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا نام پی سی ایل سے نکال دیا گیا ہے،رپورٹ میں عدالت عالیہ کو آگاہ کیا گیا فواد چودھری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے 4 جون کو نکالا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 25 ستمبر 2024 کو نام فہرست سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

وکیل فیصل چودھری نے جسٹس انعام امین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کے پاس آنے سے ہمارا فائدہ ہوتا ہے، فواد چودھری بھی روسٹرم پر آگئے اور جسٹس انعام امین سے کہا عدالت کا بہت بہت شکریہ، آپ کو پتہ ہے کہاں جانا ہے، یہیں اپوزیشن کرنی ہے،جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے آپ نے بھی پیچھے پڑ کر نام نکلوایا ، ریمارکس پر عدالت میں قہقہہ گونج اٹھا،بعد ازاں عدالت نے درخواست نمٹا دی۔