NFC ایوارڈ میں KP کے حصے پر کمیٹی قائم، کڑے فیصلے کرنا ہوں گے:وزیراعظم

پشاور: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کے حصے پر کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے اگست میں این ایف سی پرپہلا اجلاس بلائیں گے،پانی ریڈ لائن ، ایک ایک قطرے پر پاکستانیوں کا حق ہے،بھارتی عزائم خاک میں ملانے کیلئے صوبوں کو ساتھ ملا کر پانی ذخیرہ کریں گے،قوم یکجا ہے، ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بڑے اور کڑے فیصلے کرنا ہوں گے،مودی حکومت شکست کے زخم چاٹ رہی ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو ایساسبق سکھایا دشمن قیامت تک یاد رکھے گا، 4 ممالک کا دورہ کرکے آیا ہوں وہ پاکستان کی جیت پر خوش ہیں۔

پشاور میں امن وامان پر ہونےوالے جرگے میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور ، گورنر فیصل کریم کنڈی سمیت دیگر سیاسی وعسکری قیادت اور قبائلی عمائدین نے شرکت کی۔

شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا شرکا کو سلام پیش کرتا ہوں، خیبرپختونخوا بہت عظیم ،خوبصورت صوبہ ہے ،عوام دلیر، غیور ، غیرت مند ہیں،صوبے کے عوام نے 1947میں پاکستان کا ساتھ دیااورہمیشہ قومی پرچم بلند کیا،قربانیاں سنہری حروف سے یاد رکھی جائیں گے، این ایف سی ایوارڈ کو 15سال ہوگئے اب دوبارہ نظرثانی کرنا ہوگی،کمیٹی تشکیل دے کراگست میں پہلا اجلاس بلائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا اے پی ایس سانحہ کے بعد دہشتگردی کےخلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کیا گیا،خیبرپختونخوا کے لوگوں نے ملک کی خاطر تمام اختلافات بھلا دئیے ، قبائلی جرگے میں عمائدین کی تجاویز پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں، مختلف ادوارمیں خیبرپختونخوا کوتقریبا700ارب سے زائد فنڈز دیئے گئے،2010میں این ایف سی ایوارڈ کا پہلا ایجنڈا آئٹم خیبرپختونخوا میں انسداد دہشت گردی کا تھا، دہشتگردی کےخلاف جنگ کےلئے خیبرپختونخوا کو دیئے گئے ایک فیصد پرتمام صوبوں نے مکمل اتفاق کیا۔

شہبازشریف نے کہاقوم دہشتگردی کےخلاف جنگ میں صوبے کا ہراول دستے کا کردارتسلیم کرتی ہے، خیبرپختونخوا پولیس کوجدید تقاضوں سے لیس کرکے نئی فورس کھڑی کرنی ہے،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک خیبرپختونخوا کو فنڈز ملتے رہیں گے،بھارت نے نہتے شہریوں پرحملہ کیا،پاکستان کی جوابی کارروائی دشمن ہمیشہ یاد رکھے گا،بھارت پانی بند کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے،پانی روکا تو دشمن انجام بھی دیکھ لے گاجب بھی وطن نے پکارا سجیلا جوان اپنے بچوں کو چھوڑ کر سرحد پرپہنچا،معاشی میدان میں بھی عظیم قوم بن کر ابھریں گے۔

وزیراعظم نے کہا قوم ایک ہے تو پاکستان کی کامیابی کےلئے بڑے اور کڑے فیصلے کرنے ہیں،مودی حکومت شکست کے زخم چاٹ رہی ہے،کبھی کہتے ہیں گولی ماریں گے تو کبھی کہتے ہیں پانی بند کریں گے تو میں واضح کردوں پانی کا ایک ایک قطرہ پاکستانیوں کا حق ہے ،بھارتی عزائم خاک میں ملانے کیلئے صوبوں کو ساتھ ملاکر پانی ذخیرہ کریں گے،بیٹھ کر بات کریں گے پانی کے ذخائر کو کس طرح بڑھانا ہے تاکہ بھارت کے ناپاک اور مذموم عزائم دفن ہوجائیں۔

قبل ازیں دیا میر بھاشا ڈیم و دیگر آبی وسائل کے امور پر اہم اجلاس ہوا ،وزیراعظم شہبازشریف نے کہا پانی ذخیرہ کرنے کی استطاعت بڑھانے، زراعت کےلئے درکار پانی کی فراہمی ، سیلاب کی روک تھام کےلئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے ،معاشی خود انحصاری کا دارومدار سستی بجلی اور زراعت پر ہے ،پانی کی سٹوریج بڑھانے اور موثر استعمال کی ضرورت ہے،توانائی کی پیداوار ،پانی کے وافر ذخیرے کا موثر نظام قائم کرنے کیلئے دیامر بھاشا ڈیم جیسے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیاجائے۔