بلوچستان میں آپریشنز،فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردجہنم واصل
راولپنڈی،اسلام آباد،باجوڑ،بنوں:(بیورورپورٹ) بلوچستان میں آپریشنز،سکیور ٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد کو جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 بھارتی سپانسر شدہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
دوسرا آپریشن ضلع قلات کے علاقے مورگند میں کیا گیا ،فتنہ الہندوستان دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا مارے گئے دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ، ہلاک دہشتگرد متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
صدر مملکت آصف زرداری،وزیر اعظم شہباز شریف،وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا بھارت اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی،دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے عزم غیر متزلزل رہے گا۔
دریں اثنا باجوڑ اور بنوں میں پولیس نے جواں مردی سے مقابلہ کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے پسپا کر دئیے،آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا رات گئے ضلع باجوڑ اور بنوں میں لوئی ماموند اور میریان کے پولیس تھانوں پر فتنہ الخوارج کے حملے ہوئے، پولیس نے بہادری سے مقابلہ کیا اور حملہ آ ٓوروں کو پسپا کر دیا۔


















