سمبڑیال الیکشن میں پیپلز پارٹی کا کردار بیگانی شادی میں عبد اللہ دیوانہ جیسا تھا :خواجہ سعد رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سمبڑیال ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کا کردار بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانہ جیسا تھا،پی ٹی آئی نے سرکاری وسائل کے استعمال ،پکڑ دھکڑ یا دباﺅ کی کوئی فوٹیج ،کوئی واقعہ رپورٹ کیوں نہیں کیا؟۔انہوںنے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ میں نے سمبڑیال الیکشن کے آخری دن مرکزی انتخابی جلسہ سے خطاب کیا،عین اسی وقت پی ٹی آئی کا جلسہ عام بھی جاری تھا، میں نے پی ٹی آئی کا جلسہ گزرتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھا مسلم لیگ (ن) کا جلسہ پی ٹی آئی کے جلسے سے کافی بڑا تھا ۔ میں نے دیکھا کہ سیالکوٹ موٹرے وے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بڑی تعداد میں ملحقہ علاقوں سے جلسہ میں شرکت کیلئے سمبڑیال لایا جا رہا تھا ، کہیں کوئی رکاوٹ نہیں تھی، الیکشن کی دوپہر ہی کو ووٹر کی چہل پہل سے واضح جو چکا تھا کہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا پلڑا بھاری ہے ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ساری الیکشن مہم کے دوران سرکاری وسائل کے استعمال پکڑ دھکڑ یا دباﺅکی کوئی فوٹیج ، کوئی واقعہ پی ٹی آئی نے رپورٹ کیوں نہیں کیا؟ کیمرے والا موبائل فون اب ہر ہاتھ میں ہے ،اگر پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا ہے یا کوئی پولیس گردی ہوئی ہے تو اسکے فوٹیج کہاں ہے ؟ انہوں نے کہا کہ یہ نشست مسلم لیک (ن) نے چوتھی بار مسلسل جیتی ہے ، عوامی موڈ چند روز پہلے ہی واضح ہو چکا تھا ، جیت ہو یا ہار،باوقار انداز میں قبول کرنا چاہیے ۔