کوئٹہ ٹی سٹال سمیت چائے خانوں پر کڑی نظرہے: ایس پی سٹی

لاہور (حافظ کاشف سندھو سے) روزنامہ ”مشرق“ میں چھپنے والی کوئٹہ ٹی سٹال سمیت شہر میں مختلف چائے کے ڈھابوں بارے خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے ایس پی سٹی بلال احمد نے کہا ہے کہ ان ہوٹلوں اور چائے خانوں میں کام کرنے والے غیر مقامی مالکان اور کام کرنے والے ملازمین کا پولیس باقاعدگی سے ڈیٹا چیک کرتی رہتی ہے اور مشکوک شناخت کے حامل افراد کیخلاف فوری قانونی کارروائی کی جاتی ہے لیکن پھر بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکو دوبارہ چیک کروا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مشکوک شناخت کے لوگ ہوئے تو ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائیگی۔واضح رہے ملک میں جاری معاشی بدحالی اور سیاسی عدم استحکام کی موجودہ صورتحال اور غیرملکی شہریوں کی انخلا کی جاری مہم کے دوران غیر محسوس انداز میں کچھ ہی عرصے میں کوئٹہ ٹی سٹال اور مختلف چائے کے ڈھابوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان سب کے مالکان میں چند مقامی اور بہت سے افغانی ایسے افراد ہیں جنہوں نے پاکستانی شناختی کارڈ بنا رکھے ہیں۔ رنگ محل، شاہ عالمی، باغ منشی لدھا، قصور پورہ، پرانا لال پل، شاہدرہ پنڈ، سبزی منڈی راوی روڈ، کھوکھر ٹاو¿ن، شکر پڑیاں، راج گڑھ، ساندہ، کریم پارک، امین پارک، بلال گنج اوراندرون شہر کے علاوہ بہت سے علاقوں میں آئے روز ایسے نئے چہرے بازاروں گلی محلوں رہائشی پلازوں میں گھومتے دکھائی دیتے ہیں جن کا قریبی علاقوں سے کوئی تعلق واسطہ نہیں۔ افغانی پٹھان اور دوسرے اضلاع سے بظاہر مزدوری کی غرض سے آئے عارضی یا مستقل مقیم افراد کا بھی متعلقہ پولیس سٹیشن کے پاس کوئی ایسا ریکارڈ موجود نہیں جس سے انکی پہچان میں رسائی ہوسکے۔ ان چائے والے ہوٹلوں پر مشکوک افراد کا آنا جانا لگا رہتا ہے اور بہت سے انہیں ہوٹلز کے اندر رہائش پذیر بھی ہیں جس کی وجہ سے یہاں پر سی سی ٹی وی کیمروں کا ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں مشکوک افراد کی نقل وحمل کو چیک کیا جاسکے ۔ یہ افغانی پاکستانی شناختی کارڈ بنوا کر اپنی ملکیتی مکان و جائیداد بنا نے کہ ساتھ ساتھ کرائے پر کوارٹر ٹائپ گھر لیکر گنجان آباد علاقوں میں رہائش پذیر ہورہے ہیں۔ انہوں نے چھوٹے چھوٹے گینگز بنا رکھے ہیں جو کہ لڑائی جھگڑے کے علاوہ ناجائز اسلحہ اور منشیات کی فروخت میں بھی ملوث ہیں جن کا کسی قسم کا کوئی ریکارڈ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس موجود نہیں ہے۔ ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے انکو کسی واردات کے بعد ٹریس کرنا بھی مشکل ہے یہ علاقہ غیر یا افغانستان نکل جاتے ہیں۔ دوسری طرف ترجمان پولیس کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پنجاب پولیس کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ سرچ، سویپ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری ہیں جس کے تسلسل میں رواں سال صوبہ بھر میں 58 ہزار 681 کومبنگ آپریشنز کئے گئے۔ 19 لاکھ 72 ہزار سے زائد مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی اور 9612 مشکوک افراد حراست میں لئے گئے۔جبکہ غیر قانونی طور پہ مقیم افغانیوں سمیت غیر ملکی باشندوں کے انخلا کی مہم کے دوران 13000 سے زائد افراد کو ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے ہر مشکوک فرد کی شناخت کو چیک کیا جاتا ہے پھر بھی ان کو چیک کروا لیتے ہیں کیا معاملہ ہے۔