گجرات (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر صنعت، تجارت، اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے گجرات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا، بعض کا افتتاح کیا اور پارلیمنٹیرینز و افسران کے ساتھ ڈی سی سی کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک، ڈی پی او مستنصر عطاءباجوہ، متعلقہ محکموں کے افسران، مسلم لیگ (ق) پنجاب کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری عمر بشیر، مسلم لیگ گجرات سٹی کے صدر علی ابرار جوڑا، پولیٹیکل سیکرٹری حافظ عقیل جلیل اور پارٹی ورکرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔دورہ گجرات کے دوران صوبائی وزیر نے شہباز شریف پارک کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جس پر 54 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کے تحت شہریوں کو جدید تفریحی سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں مصنوعی جھیل، جوائے لینڈ، پہاڑی، جھولے، جاگنگ ٹریک، صفائی اور دیگر انتظامات شامل ہیں۔باب گجرات سے نور میرج ہال تک ایک کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا جس پر کام تیزی سے جاری ہے اور یہ 6 جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس منصوبے سے مقامی آبادی، سکولز، کاروباری حضرات اور شہریوں کو محفوظ، پائیدار اور آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی۔اس کے علاوہ چوہدری شافع حسین نے جٹووکل میں“ڈسپوزل اسٹیشن”کا افتتاح کیا جو شہر میں سیوریج اور برساتی پانی کی نکاسی کیلئے جامع منصوبے کا اہم جزو ہے۔ اس منصوبے سے برسات کے دوران پانی کے نکاس میں بہتری آئے گی۔صوبائی وزیر نے اپنے دورے کے دوران ضلع بھر کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اسکیموں کے جائزے کیلئے پارلیمنٹیرینز اور ضلعی افسران کے ساتھ ایک ڈی سی سی کی صدارت بھی کی۔ اجلاس میں منصوبوں کی رفتار، معیار اور شفافیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت عوامی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے تیزی سے مکمل کر رہی ہے۔
حکومت عوامی سہولیات کے منصوبے تیزی سے مکمل کررہی ہے :شافع حسین

















