لاس ویگاس،اسلام آباد: (مشرق نیوز) پاکستان نے پہلے سرکاری بٹ کوائن ریزرو اوروالٹ کے قیام کا اعلان کر دیا۔
اعلان وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بلاک چین و کرپٹو اور پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کے سی ای او بلال بن ثاقب نے کوائن ویگاس 2025 کے دوران کیا، تقریب میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، ایرک اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر بھی شریک تھے،بلال بن ثاقب نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں امن قائم کرنے اور کرپٹو اپنانے کےلئے امریکی صدر کی خدمات کو سراہا۔
معاون خصوصی وزیراعظم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا والٹ ریاستی تحویل میں موجود ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ رکھنے کےلئے بنایا گیا ، بٹ کوائن مائننگ اور اے آئی ڈیٹا سینٹرز کےلئے 2000 میگاواٹ اضافی بجلی مختص کردی،ملک میں 40 ملین سے زائد کرپٹو والٹس موجود ہیں اور پاکستان دنیا کی سب سے بڑی فری لانسنگ معیشتوں میں سے ایک ہے۔
بلال بن ثاقب نے عالمی کرپٹو کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان ترقی کرنا چاہتا ہے، عالمی کمپنیاں سرمایہ کاری کریں،پاکستان تیار اور آگے بڑھنے کو بے تاب ہے،پاکستان اب صرف ملک نہیں بلکہ ڈیجیٹل تحریک ہے،قیادت نوجوان کر رہے ہیں،میں وزیر بن کر نہیں آیا، ایک نسل کی آواز بن کر آیا ہوں،2000 میگاواٹ بجلی ڈیجیٹل معیشت کےلئے مختص کرنا صرف پالیسی نہیں بلکہ ویژن ہے پاکستان اب صرف کنزیومر مارکیٹ نہیں بلکہ عالمی بلاک چین انقلاب کا مرکزی سٹیشن ہے۔
دریں اثناوفاقی حکومت نے بٹ کوائن مائننگ کےلئے بجلی رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا،بٹ کوائن مائننگ کےلئے رعایتی نرخ 24 روپے یونٹ تک ہوں گے،ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن کے پاس 7000میگاواٹ تک بجلی سرپلس ہے ،حکومتی اعلان کے مطابق 2000 میگاواٹ بٹ کوائن مائننگ کیلئے مختص کی جائے گی۔
دوسری جانب سیکرٹری خزانہ نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان میں کرپٹو کی اب بھی کوئی قانونی حیثیت نہیں ،سٹیٹ بینک ،ایس ای سی پی کی جانب سے پابندی برقرار ہے جب حکومت کوئی فیصلہ کرے گی تب ہی ریگولیٹری فریم ورک بنے گا،سیکرٹری خزانہ کے بیان پر کمیٹی نے کرپٹو کونسل کے چیئرمین اور اراکین کو طلب کرکے بریفنگ لینے کا فیصلہ کرلیا۔
پاکستان نے پہلے سرکاری بٹ کوائن ریزرو اوروالٹ کے قیام کا اعلان کر دیا



















