راولپنڈی: (بیورورپورٹ)ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کشمیر بنے گا پاکستان،پہلا انتخاب امن ہے تاہم بھارت نے دوبارہ حماقت کی توجواب پہلے سے ز یادہ شدید ہوگا،بھارت افغانستان کو پاکستان کےخلاف استعمال کرتا ہے، افغان بھائی دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دیں اور بھارت کے آلہ کار نہ بنیں،قوم ،فوج ہمیشہ سے متحد تھی ،ہے اور رہے گی۔
خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات کے اڑھائی ہزار سے زائد طلبہ کےساتھ خصوصی نشست سے اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا بھارت نے سوچا حملہ کریں گے تو پاکستان جواب نہیں دے گا لیکن آپ نے دیکھا سب کس طرح اپنے ملک کے پیچھے کھڑے ہوئے ، بھارت ،مودی کی تمام حکمت عملی کوایک ایک کرکے غلط ثابت کیا،لوگ سمجھتے تھے عوام ،فوج ایک دوسرے سے دور ہیں ہر گزنہیں، قوم ،فوج ہمیشہ سے مٹھی کی طرح تھی اور رہے گی۔
ترجمان پاک فوج نے کہاآرمی چیف نے فیصلہ کیا بھارت کو 26جگہ پر جواب دیں گے، مظفرآباد کا 7سالہ ارتضیٰ جس بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے آرڈرپر شہید ہوا اس پورے بریگیڈ ہیڈکوارٹر، پاکستان کے معصوم بچوں کو شہید کرنےوالے جہاز جن اڈوں سے اڑے تھے سب کو تباہ کردیا،کسی ایک سویلین انفراسٹرکچر،آبادی یامندرکو نشانہ نہیں بنایا کیونکہ امن پسند ہیں، امن کو ترجیح دیتے ہیں، پہلا انتخاب امن ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آرنے دشمن کو خبردارکیا اگر تم نے دوبارہ حماقت کی توجوا ب پہلے سے بھی شدید ہوگا، پاکستان میں جتنی دہشتگردی ہوتی ہے چاہے فتنہ خوارج ہو یا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان، ایک ایک دہشتگردی اور ایک ایک شہید کے پیچھے بھارت کا چہرہ ہے،مساجد کو شہید ، لوگوں کو ذبح کرنےوالوں کا اسلام، خیبرپختونخوا، پختونوں کی روایات سے کوئی تعلق نہیں، خارجی نور ولی کہتا ہے اسلام میں اجازت ہے آپ کافروں سے مدد لیں، اسلام کے تحت کفر ، حق آپس میں اکٹھے نہیں ہو سکتے اسی طرح خارجی،اسلام اکٹھے نہیں ہوسکتے تم کشمیر کی بچیوں کی عزت کو پامال کرنے والے ہندوستان سے مدد مانگتے ہو۔
ترجمان پاک فو ج نے کہاافغان بھائیوں سے کہتے ہیں براہ مہربانی دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو، بھارت کے آلہ کار نہ بنو، خیبرپختونخوا کے بہادر عوام ،قبائل سے کہتا ہوں وقت آ گیا کشمیر بنے گا پاکستان، افغانستان برادر پڑوسی اسلامی ملک ، مسئلہ افغانستان کی اشرافیہ ہے جن کو بھارت پیسہ دیکر خریدتا اور پاکستان کےخلاف استعمال کرتا ہے۔
تقریب میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے ” کشمیر بنے گا پاکستان“ کا فلک شگاف نعرہ بھی لگایا،ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار اور ملی نغموں کی گونج نے فضا کو جذبہ حب الوطنی سے بھر دیا، ”پاکستان ہمیشہ زندہ باد“ اور ”پاک فوج زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان“ جیسے فلک شگاف نعروں نے ماحول کو گرما دیا،پختون طلبہ نے اپنے جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے دشمن کو واضح پیغام دیا پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرت کا نشان بنا دیا جائے گا۔
کشمیر بنے گا پاکستان،پہلا انتخاب امن ،بھارت نے دوبارہ حماقت کی توجواب زیادہ شدید ہوگا:ترجمان پاک فوج

















