بھارتی آبی جارحیت برداشت نہیں ،حق کیلئے آخری حدتک جائیں گے،معین وٹو


لاہور:( اپنے رپورٹر سے) بھارتی آبی جارحیت کسی صورت برداشت نہیں،پانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے،پانی لائف لائن ہے،اپنے حق کیلئے آخری حدتک جائیں گے، انڈیا واٹر ٹریٹی سے بھاگ رہا ہے لیکن ہم اسے بھاگنے نہیں دیں گے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو ،سابق وزیر آبپاشی محسن لغاری ، شیرازمیمن اور سابق کمشنر پاکستان کمیشن فار انڈس واٹر آصف بیگ نے سیمینار کے دوران کیا۔

مقررین نے کہا انڈیا انڈس واٹر ٹریٹی یکطرفہ طورپر ختم نہیں کرسکتا، بھارت نے پانی کو سیاسی مسئلہ بنا دیا، ٹریٹی پر ازسرنو مذاکرات ہونے چاہئیں،شق 12پر خصوصی طور پر بات ہونی چاہیے، انڈیا کی نیت ٹھیک نہیں، انڈیا چاہتا ہے ٹریٹی کی شرائط عائد نہ ہوں حالانکہ اس نے دستخط کررکھے ہیں، پاکستان جب بھی کورٹ آف آربٹریشن میں کیس لے کر جاتا ہے تو انڈیا کوئی جواب نہیں دیتا، مسلسل ٹالتا رہتا ہے، ہمیں اپنا موقف اچھی طرح پیش کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں غور کرنا چاہیےہمارے موقف میں کہاں کمی ہے لیکن اپنی کمیاں دنیا کو نہیں بتانی چاہئیں، بحیثیت قوم متحد ہونا چاہیے۔