ججز ٹرانسفر کیس،سپریم کورٹ کے آئینی، قانونی وسنیارٹی پہلووں پر سخت سوالات

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)آئینی بنچ نے ججز ٹرانسفر کیس میں آئینی، قانونی اورسنیارٹی پہلووں پر سخت سوالات اٹھادیئے۔

جسٹس علی مظہر کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے ججز ٹرانسفر اور سینارٹی کیس پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل فیصل صدیقی نے بھارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا انڈیا میں ججز سے ٹرانسفر پر رضامندی نہیں پوچھی جاتی، اس لیے ججز سنیارٹی کےساتھ ٹرانسفر ہوتا ہے، جوڈیشل کمیشن کےلئے ججز کی تقرری لازمی ہے، صدر پاکستان کےلئے جج کا تبادلہ کرنا لازمی نہیں،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے صدر مملکت کے تبادلہ کا آئینی اختیار ہے، صدر مملکت کو تبادلہ کےلئے کوئی کیسے انفورس کر سکتا ہے، آپ دلائل ججز کے ٹرانسفر تک محدود رکھیں۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دئیے آپ نے دلائل کے آغاز میں کہا تھا ججز ٹرانسفر پر صدر کے اختیار کو نفی نہیں کرتے، جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہا آپ کا کہنا تھا دلائل میں سنیارٹی کے ایشو کو فوکس کروں گا،وکیل فیصل صدیقی نے کہا میرا نقطہ ہے جج کا تبادلہ ٹائم باونڈ ہے، فیڈرل شریعت کورٹ میں ہائیکورٹس سے ججز تعینات ہوتے ہیں، ان ججز کی تعیناتی 3 سال کےلئے ہوتی ہے،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے فیڈرل شریعت کورٹ میں ججز کی تعیناتی کے تبادلہ کے ایشو سے کیا تعلق ہے، ہائیکورٹ سے جج کی شریعت کورٹ میں تعیناتی کا درجہ اوپر ہے، ایک ہائیکورٹ سے دوسری ہائیکورٹ میں جج کا تبادلہ کا اسٹیٹس برابر ہوتا ہے۔

وکیل نے کہاجسٹس آصف ایڈیشنل جج تھے، ایڈیشنل جج کی تبادلہ پر اسلام آباد ہائیکورٹ کیسے تقرری ہو سکتی ہے، کیا جوڈیشل کمیشن جسٹس آصف کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی کارکردگی کی بنا پر مستقل کرنے کا فیصلہ کرے گا، ججز کی مستقل ٹرانسفر نہیں ہو سکتی،جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دئیے آئین میں کہیں نہیں لکھا ٹرانسفر محدود مدت کےلئے ہوگی،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے بھارت میں جج انکار کرے تو گھر جانا پڑتا ہے،سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی مثال موجود ہے جنہوں نے سپریم کورٹ آنے سے انکار کیا اور پھر بھی بطور چیف جسٹس خدمات انجام دیتے رہے، ایک جج ایک وقت میں دو یا تین حلف کیسے اٹھا سکتا ہے؟۔

جسٹس علی مظہرنے سوال اٹھایا اگر جج دوبارہ پرانی ہائیکورٹ میں حلف اٹھائے گا تو سینیارٹی کہاں سے شمار ہوگی؟جسٹس شکیل احمد نے سینیارٹی کے ممکنہ تنازع کی نشاندہی کی،جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا اگر آرٹیکل 200 کے تحت مستقل جج تعینات ہو سکتا ہے تو جوڈیشل کمیشن غیر موثر ہو جائے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ ایکٹ میں ٹرانسفر کا ذکر نہیں، صرف تعیناتی کا ذکر ہے،انہوں نے سوال اٹھایا اگر بلوچستان سے جج لانا تھا تو سیشن جج راجہ جواد عباس کا نام کیوں ڈراپ کیا گیا؟جسٹس نعیم افغان نے کہا اٹارنی جنرل آئندہ سماعت پر ان سوالات کا جواب دیں، بعد ازاں کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔