انسٹاگرام کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم کو قید
لاہور :(کورٹ رپورٹر) خصوصی عدالت نے انسٹاگرام کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے والے مجرم کو اڑھائی سال قید کی سزا سنا دی،انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے ٹرائل مکمل ہونے پر قید اور 50ہزار روپے جرمانے کا حکم سنایا، انسداد دہشتگردی عدالت نے مقدمے کا ٹرائل مکمل ہونے پر فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ایف آئی اے کے مطابق مجرم غیر ملکی انسٹاگرام اکاونٹ سے بم بنانے سے متعلق معلومات لے رہا تھا، ایف بی آئی نے معاملے کے بارے میں پاکستانی حکومت کو آگاہ کیا، حکومت نے ایف آئی اے کو معاملے کی مکمل چھان بین کی ہدایت کی، ایف آئی اے کی جانب سے دوران ٹرائل 8 گواہ عدالت میں پیش کیے گئے،مجرم حنان پر بم بنانے کا طریقہ سیکھنے کا الزام ثابت ہوتا ہے، پراسیکیوشن الزام کے علاوہ باقی کوئی الزام ثابت نہیں کر سکی، مجرم حنان کو انسٹا گرام کے ذریعے بم بنانے کا طریقہ سیکھنے پر اڑھائی سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔
عدالت نے کہا جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا 10 سال قید ہے، عدالت کی نظر میں حالات اور مجرم کی عمر دیکھتے ہوئے عدالت اڑھائی سال قید کی سزا سناتی ہے، مجرم حنان ضمانت پر ہے، حراست میں لیکر کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جائے۔


















