لاہور (اپنے نمائندے سے) واسا گلبرگ زون ڈائریکٹوریٹ میں محکمے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی، ڈائریکٹر کی طرف سے ڈی ایم ڈی آپریشن کے اختیارات کا استعمال، اضافی فنڈز کی ایڈمن اپروول دیتے ہوئے غیر قانونی اقدامات کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر گلبرگ زون کا مراتب علی روڈ پر سٹڑوم واٹر کولیکٹنگ چیمبر کی تعمیر میں ورک آرڈر 61لاکھ کا جاری ہونے کے باوجود 84لاکھ روپے کا فرسٹ رنینگ بل جاری کرنے کی خاطر محکمانہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر گلبرگ زون کی جانب سے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر آپریشن کے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ذاتی حیثیت سے غیر قانونی اپروول دی جس میں 84لاکھ کا بل جاری کرتے ہوئے محکمہ کو 22لاکھ کا مالی نقصان پہنچایا گیا جبکہ ایک ایسٹیمیٹ کی تین اپروولز یعنی sanction order ہوئے ہیں۔ 15 فروری، پھر 13 مارچ اور بعد میں 24 اپریل 2025ءکو 15 فروری کو جاری کردہ ایڈمن اپروول پر ٹینڈرنگ کی گئی اور اہل ٹھیکیدار کو ورک آرڈر جاری کیا گیا جو کہ 61لاکھ کا تھا، جس کی بنیاد پر کام کروایا گیا اور اسی کی بنیاد پر بل بھی ادا کیا گیا لیکن 24 اپریل 2025ءکو ایک اور ایڈمن اپروول تاریخ اور نمبر کے فرق سے جاری کی گئی جو کہ غیر قانونی ہے اور اپنے آپ میں کرپشن کو ثابت کرتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر گلبرگ زون کی طرف سے مبینہ طور پر ٹھیکیدار سے ملی بھگت کرتے ہوئے کام نا مکمل ہونے کے باوجود فرسٹ رنینگ بل جو کہ ورک آرڈر کے برعکس ہے، شعبہ فنانس کو ادائیگی کی خاطر جاری کر دیا تھا جو شعبہ فنانس کی جانب سے تصدیق کی خاطر ڈی ایم ڈی آپریشن کو ارسال کر دیاگیا تھا۔ ڈائریکٹر گلبرگ زون سہیل قادر چیمہ سے متعدد مرتبہ موقف کیلئے رابطہ کیا گیا تاہم ان سے رابطہ نہ ہو سکا، واٹس ایپ میسج بھی کیا جس کو پڑھنے کے باوجود ان کی جانب سے موقف نہیں دیا گیا ۔
واسا گلبرگ زون، ڈائریکٹر کی طرف سے ڈی ایم ڈی کے اختیارات کا استعمال

















